پیٹرول پمپ مالکان کا قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کرنے کا مطالبہ، وزیراعظم کو خط لکھ دیا

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے یومیہ تعین سے نقصان میں اضافہ ہورہا ہے، وزیراعظم استحکام کیلیے فیصلہ کریں


طالب فریدی November 16, 2026

پٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو خط دیا جس میں پیٹرول کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرول پمپ مالکان نے وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی کے بجائے ماہانہ بنیادوں پر ردوبدل کیا جائے۔

پمپ مالکان کی ایسوسی ایشن نے کہا کہ روزانہ قیمتیں تبدیل ہونے سے پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان اٹھانا پڑتا ہے جبکہ قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے کاروباری منصوبہ بندی اور اسٹاک کا انتظام مشکل ہو گیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ قیمتیں کم ہونے پر مہنگے داموں خریدا گیا پیٹرول کم قیمت پر فروخت کرنا پڑتا ہے جبکہ روزانہ قیمتوں میں ردوبدل سے پٹرول پمپ مالکان کے مالی نقصانات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

پمپ مالکان ایسوسی سی ایشن نے کہا وزیراعظم سے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے۔ جس سے پمپ مالکان کو کاروباری استحکام ملے گا۔

آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ نے  وزیراعظم سے معاملے پر فوری توجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پمپ مالکان کو غیر ضروری مالی نقصانات سے بچانے کے لیے قیمتوں میں ماہانہ تبدیلی کا نظام متعارف کرایا جائے۔