وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پولیس افسرکے گھر بچی کی موت کے معاملے میں پولیس تگڑی تفتیش کرے گی، اسلام آباد کے ایکسپریس وے کو موٹرے کی طرز پر بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آبادمیں ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا پولیس افسر کے گھر بچی کی موت کے معاملے پر پولیس پر دباو تھا لیکن پولیس نے ایف آئی آر بھی دی اور ملزمان کو گرفتار بھی کیا حالانکہ بچی کا والد ایف آئی آر نہیں کرانا چاہتا تھا۔
پولیس اس معاملے پر تگڑی تفتیش کررہی ہے اور کرے گی، انہوں نے مزید کہا سپارکو رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ ڈیڑھ سال میں درختوں میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے، مزید درخت بھی لگائے جا رہےہیں۔
وزیر داخلہ نے ایکسپریس وے سروس روڈ منصوبے پر جاری تعمیراتی کام پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے بعد کہا گیس لائن کی وجہ سے پراجیکٹ کی تکمیل میں رکاوٹ تھی، اب تمام رکاوٹوں کو دور کر لیا گیا ہے، 60 روز میں سروس روڈ منصوبے کو مکمل کیا جائے گا، اور اس منصوبے سے ملحقہ آبادیوں کو بہت فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو موٹروے طرز پر بنانے جا رہے ہیں،کورال سے آگے بھی ایکسپریس وے سروس روڈ کو بڑھانے پر غور ہو رہا ہے، منصوبے پر 40 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، اور مقررہ وقت میں مکمل کرلیا جائے گا۔