ملاقات کرانا احسان نہیں، عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی نہیں دی جارہی، سلمان اکرم راجا

بانی پی ٹی آئی کا بلڈ پریشر 193 تک جاچکا جو تشویشناک ہے، انسانیت کا تقاضا ہے انکا علاج ہو


عمران اصغر November 17, 2026

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجا نے کہا ہے کہ ملاقات کرانا کوئی ریلیف یا احسان نہیں، کیوں بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی نہیں دی جارہی، ہمیں بتایا گیا بانی کا بلڈ پریشر 193 تک جاچکا ہے جو تشویشناک بات ہے، انسانیت کا تقاضا ہے انکا ہسپتال میں علاج ہو عدالت کا حکم موجود ہے۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ گزشتہ سال ہم جو نام دیتے تھے ان کی ملاقات نہیں کراتے تھے اپنی مرضی کے لوگوں کی ملاقات کراتے تھے، آئندہ بھی اگر مرضی سے ایسے لوگوں کو بھیجا جائے گا تو سوال ضرور اٹھے گا، بیرسٹر گوہر سمیت لسٹ میں موجود لوگوں کو ملاقات کے لیے بھیجا جائے گا تو سوال نہیں اٹھے گا۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کے اندر مختلف نقطہ نظر رکھنے والے لوگ موجود ہیں، پارٹی کے اندر کچھ گروپ بھی ہیں، کچھ لوگ ایک دوسرے کو برداشت نہیں کررہے، بانی سے ملاقات کے بعد ہونے والی باتوں پر میرا بیان جواب تھا، ملاقات کے بعد کہا گیا کہ بانی نے متبادل نام مانگے ہیں ایسا کچھ نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کا بیان مختلف ہو تو سوال تو پیدا ہوجاتا ہے، ملاقات میں صرف قانونی امور پر بات نہیں ہوئی، مجھے اس وقت ایسا کوئی معاملہ نظر نہیں اتا جس کو آپ ڈیل یا ڈھیل کہہ سکیں، بہنوں کو نظر بند رکھ کر چھوڑنا کوئی احسان کی بات نہیں ہے، بانی نے پہلے بھی خط لکھے لیکن یہ انتہائی اہمیت کا حامل خط ہے، خط میں عدالتی ضمیر کو جھنجھوڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی کی صحت کے حوالے سے جو بات باہر آرہی ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے، بلڈ پریشر کا 192 یا 193 ہونا قوم کے لیے لمحہ فکریا ہے، بانی کوئی ڈیل نہیں مانگ رہے وہ صرف اہلیہ کے آپریشن کی بات کررہے ہیں، بانی مقابلے کے لیے تیار ہیں اگے مقابلہ کرنا چاہتے ہیں، ان کی طرف سے کوئی التجا نہیں کی گئی، بشری بی بی کی صحت سے حوالے سے اپیلوں کی پیروی سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کریں گے۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ میں بانی کے بھروسے کا شکر گزار ہوں ، ملاقات کے بعد غلط بیانئیے کا جواب ضروری تھا، اگر مقصد پارٹی میں انتشار پیدا کرنا ہو تو اس کا جواب دینا ضروری ہے، میں کہتا ہوں جس نے بات کرنی ہے بانی سے براہ راست بات کرے، پارٹی کے اندر انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی وہ ختم ہوگیا، محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر پر بھی حملہ ہوا بانی کو کہنا پڑا کہ مجھے ان پر اعتماد ہے، بانی سے کمیٹیوں میں واپس جانے کی اجازت مانگی گئی وہ نہیں ملی۔

سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ملاقات کرانا کوئی ریلیف یا احسان نہیں، کیوں بانی کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی نہیں دی جارہی، ہمیں بتایا گیا بانی کا بلڈ پریشر 193 تک جاچکا ہے جو تشویشناک بات ہے، انسانیت کا تقاضا ہے انکا ہسپتال میں علاج ہو عدالت کا حکم موجود ہے۔

اڈیالہ روڈ پر بانی پی ٹی آئی کی بہن عظمی خان نے  سلمان اکرم راجہ کے ساتھ میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ بانی کو ریلیف تب ملے گا جب انہیں ہسپتال سے علاج کرایا جائے گا، سرکاری ہسپتال کی رپورٹس اور ڈاکٹروں پر ہمیں یقین نہیں، ریلیف تب ملے جب سپریم کورٹ کے حکم پر تعمیل ہوگی، وکلاء کو ملا دیا اس کے بعد کیا ہے، کوئی ریلیف نہیں دیا جارہا یہ سارا ایک دھوکہ ہے، ہمیں کچھ سمجھ نہیں آرہی یہ ہمارے بھائی کے ساتھ کیا کررہے ہیں۔