راولپنڈی:
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا سسٹم کولیپس کا بیان تاخیر سے آیا، بلاول سمیت سارے لیڈر بتادیں کہ کیسے سسٹم کو ری سیٹ کریں؟ یہ سارے ذاتی مفاد کے لیے اکھٹے ہوئے جس نے جو فائدہ لینا تھا لے لیا۔
داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کہا میں انصاف مانگتا ہوں یہ ان کا حق ہے بانی نے ملک کی تینوں بڑی عدالتوں کے چیف جسٹس کو خط لکھا مطالبہ کروں گا کہ بانی اور ان کی فیملی کا علاج کرائیں اور انہیں علاج پر شکایت نہ ہونے دیں۔
انہوں نے کہا کہ علیمہ خانم کی نظر بندی کے 60 دن پورے ہوگئے، پنجاب میں کسی غیر سیاسی خاتون نے اتنی طویل نظر بندی نہیں گزاری، یہ سسٹم کولیپس کی نشان دہی ہے، بلاول بھٹو کا سسٹم کولیپس کا بیان تاخیر سے آیا، بلاول سمیت سارے لیڈر بتا دیں کہ کیسے سسٹم کو ری سیٹ کریں؟ یہ سارے ذاتی مفاد کے لیے اکھٹے ہوئے جس نے جو فائدہ لینا تھا لے لیا۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ نیب کے قوانین تبدیل کرکے اپنے کیسز ختم کروالیے، ای وی ایم کو نکال کر کہا گیا سسٹم کو ٹھیک کر رہے ہیں، آپ نے اقتدار لیا آپ بینیفشری ہیں، ضرور کسی اور نے آپ کو اس کرسی تک پہنچایا، سسٹم کو اگر ری سیٹ کرنا ہے تو عوامی فلاح بہبود، جمہوریت کے لئے کرنا ہے، جمہوریت میں سارے اسٹیک ہولڈر ہیں۔
بلاول نے اپنے بیان میں تسلیم کرلیا کہ پی ٹی آئی کے بغیر بات نہیں بنے گی، یہ بھی اسٹیک ہولڈر ہیں ان کا اعتماد بحال کرانا ہوگا، نظام پر اعتماد تب بحال و گا جب لوگوں کو انصاف ملے گا، اس نظام میں الیکشن صاف شفاف اور عدلیہ آزاد ہوگی، میں کسی ایک کو بھی شک کا فائدہ نہیں دوں گا، کراچی میں 15سیٹیں ایم کیو ایم کے پاس گئیں یہ آپس کے مفادات کے لیے اکھٹے ہو جاتے ہیں اور کہتے ہیں یہ جمہوریت کے لئے ہے جب انکے مفادات کو ٹھیس پہنچتی تو یہ اور طرف ہو جاتے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ حکومت میں شامل تمام جماعتیں اس سسٹم کی بینیفشری ہیں، یہ وقت ہے نیشنل حکومت کی طرف آئیں، آزاد عدلیہ، الیکشن کمیشن قائم کریں، انتخابات کرائیں، سب استعفی دیں اور فوری نیشنل حکومت بنائیں اور ہمیں انصاف دیں، نیشنل حکومت اگر بنے گی تو یقیناً سب کچھ نیا ہوگا، بانی کے بغیر کچھ نہیں ہے، جو کچھ ہوگا بانی کے فیصلے سے ہی ہوگا، قومی حکومت میں پارٹی حصہ دار نہیں ہے جو بھی کریں گے بانی سے مشورہ کرکے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس وقت آپ کے پاس حکومت کا جو مینڈیٹ ہے وہ غلط ہے، بانی کے خط کو درخواست تصور کرکے چیف جسٹس کارروائی کریں، آپ ان کا علاج اور شکایات دور کروائیں، آپ دوبارہ عدالتی نمائندہ بھیج کر سپریم کورٹ کے حکم پر عمل درآمد کروائیں، بانی نہ این ار او، نہ فیورٹ، نہ ریلیف مانگ رہے وہ صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں، بانی نے خط کے ذریعے کہا کہ ان سے انصاف کریں اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے اور میرا انصاف یہ ہے کہ سب سے پہلے میرے حقوق بحال کریں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ملاقات کے دو نام عدالت نے دیئے، پہلا نام لطیف کھوسہ کا تھا پھر ہماری استدعا پر سلمان صفدر کا نام شامل ہوا، ملاقات کے بعد جو بات چیت ہوئی یہ ابھی بات نہیں ہے، سب سے پہلی بات یہ ہے کہ بانی کی ملاقات کو ڈسکلوژ نہیں کرنا چاہیے تھا، پارٹی لیڈرز سے ہمیشہ کہا کہ جو بات کرنی ہے پارٹی کے پلیٹ فارم سے باہر بات نہ کریں، شکر ہے کہ دو بندے ملاقات کو چلے گئے، ایک سیاسی بندہ بھی ملاقات کے لئے وکیل کے ساتھ چلا گیا۔
انہوں نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا پی پی سے کوئی لانگ ٹرم قربت ہو سکتی ہے ہماری اور ان کی پالیسی میں بڑا فرق ہے، ملاقاتیں کھل کر ہونی چاہئیں اور ہر لفظ پر سیاسی اور آئینی قدغن نہیں ہونی چاہیے، بانی سے ملاقات کے لئے پسند ناپسند کی پالیسی ہر گز نہیں ہونی چاہیے، جو لیڈر بانی سے مل کر جائے اسے متنازع نہیں بنانا چاہیے، ہم سیاسی جماعت ہیں اختلاف اٹھانے پر کسی نکال تو نہیں سکتے، ملاقات کے بعد جب آپ لوگوں کی توجہ ڈائیورٹ کراتے ہیں بانی کے موقف سے ہٹ جاتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ساری جماعت بانی اور بشریٰ کی صحت پر فوکس کریں، بجائے اس کے کہ آپس کے اختلاف میں پڑیں، پارٹی میں کوئی گروپنگ نہیں، سلمان اکرم راجہ کو اگر نظر آرہی ہے تو آرہا ہوگا، اختلاف رائے ضرور ہو گا، بشری بی بی سیل میں 7 سانپوں کی غلط خبر کیوں باہر بھیجے گی؟ اس میں رپورٹ فائل کرنے کی ضرورت نہیں، جیل انتظامیہ اس کا ازالہ کرے، اب تک جو ہونا تھا ہوگیا اب وقت ہے اسے درست کریں، بشری بی بی کو اس وقت تک اسپتال میں رکھیں جب تک ڈاکٹر نہ کہے کہ وہ مکمل صحتیاب ہوگئی ہے۔
دریں اثنا بانی پی ٹی آئی عمران خان سے آج ملاقات کا دن تھا مگر کسی پارٹی لیڈر، وکیل، فیملی ممبر کو ملاقات کی اجازت نہ ملی، داہگل ناکہ پر آئے بیرسٹر گوہر واپس روانہ ہو گئے، عمران خان کی دو بہنیں، سلمان اکرم راجہ، نیاز اللہ نیازی، فردوس شمیم نقوی سمیت چند کارکن فیکٹری ناکہ پر موجود رہے۔