کراچی؛ اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس، دہشتگردوں، شرپسند عناصر کے خلاف آپریشن مؤثر بنانے کی ہدایت

آئی جی اور ڈی جی رینجرز سندھ کی زیرصدارت اجلاس میں صوبے اور بالخصوص شہر کی سیکیورٹی صورت حال کا جائزہ لیا گیا


ساجد رؤف November 17, 2026
فائل فوٹو

کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے مشترکہ اجلاس میں شہر میں دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ آپریشن مؤثر بنانے اور شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر چیکنگ کا عمل مزید سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ہیڈکوارٹرز پاکستان رینجرز سندھ سے جاری اعلامیے کے مطابق ہیڈ کوارٹرز پاکستان رینجرز (سندھ) میں ایک اعلیٰ سطح کا سیکیورٹی اجلاس آئی جی پولیس اور ڈی جی رینجرز (سندھ) کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس میں شہر میں امن وامان کی مجموعی صورت حال بہتر بنانے کے لیے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی پی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی پی اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، چیف کوآرڈینیٹر پیفٹیک، ڈی آئی جیز (اسپیشل برانچ، ویسٹ، ٹریفک، سی آئی اے، سی ٹی ڈی، ساؤتھ، ایسٹ) پولیس، ایڈیشنل کمشنر 1، ایڈیشنل سیکرٹری آئی ایس محکمہ داخلہ، رینجرز اور حساس اداروں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے میں باالخصوص کراچی کی امن و امان کی مجموعی صورت حال بہتر بنانے پر زور دیا گیا، اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دہشت گردوں اور شرپسند عناصر کے خلاف مشترکہ آپریشن مؤثر بنانے اور شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ کے عمل کو مزید سخت بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔

مزید بتایا گیا کہ اجلاس میں حساس تنصیبات کی سیکیورٹی یقینی بنانے، سرچ اور کومبنگ آپریشن اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن بڑھانے پر زور دیا گیا، اس کے علاوہ بھتہ خوری، اسلحے کی غیرقانونی ترسیل اور دیگر جرائم کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کے لیے لائحہ عمل طے کیا گیا۔

اجلاس میں غیر تصدیق شدہ بھتہ خوری رپورٹس کے سد باب پر بھی بات چیت ہوئی تاکہ عادی مجرموں کے خلاف کارروائیوں کو مزید موثر بنایاجائے۔

اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس میں کہا گیا کہ شہر میں کسی کو بھی امن و امان کی صورت حال خراب کرنے، قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور قانون کی بالادستی اور رٹ ہرصورت برقرار رکھی جائے گی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ عوام سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ وہ کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعے کی فوری اطلاع تعینات رینجرز اہلکار، رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔