وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتےہوئے کہا ہے کہ آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں، نیب اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتا ہے اور بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں گڈ گورننس کے حوالے سے بحث جاری ہے، عوام اچھی اور بہترین حکومت چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اچھی گورننس، عوام کو سہولیات کی فراہمی اور عوام کے سامنے جوابدہ حکومت عوام کی بنیادی ضرورت اور حقیقی مسئلہ ہے، آپ اور ہم سب کئی دہائیوں سے اس نظام کا حصہ ہیں اور آج ہم خود کو اس نظام کی کمزوریوں اور خامیوں سے الگ نہیں کر سکتے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات عوام اور قانون دونوں مسترد کرتے ہیں، اس کی کوئی گنجائش نہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کو جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نیب اصلاحات بھی خود کیں اور اب اسی ادارے کو مورد الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ اہم مسئلہ صوبوں کے حوالے سے بحث ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبوں کے حوالے سے بحث کو روکا نہیں جا سکتا، جمہوری اور قانونی تقاضا ہے کہ یہ بحث جاری رہنی چاہیے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو سسٹم کی کمزوریوں سے دور نہیں رکھ سکتے، گڈ گورننس اور اصلاحات تمام حکومتوں کا ایجنڈا ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ پاکستان کے عوام اگر صوبے چاہتے ہیں تو بنا دیے جائیں، صوبوں کے معاملے پر خون تک بہا دینے کی بات سمجھ سے بالاتر ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ عوام کی مرضی کی بات کیوں نہیں کرتے، عوام کی مرضی کے بغیر کوئی بھی ایجنڈا مسلط نہیں کیا جا سکتا، عوام کی رائے جاننے کا بہترین ذریعہ ریفرنڈم ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے حوالے سے عوام کا بہترین مفاد مدنظر رکھا جائے، ریفرنڈم آئین کا حصہ ہے اور آئینی طریقہ کار ہے۔
عطااللہ تارڑ نے کہا کہ بیک وقت حکومت کے مزے لینا اور اپوزیشن کرنا کیا کھلا تضاد نہیں ہے۔
میڈیا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت صحافیوں کے تحفظ کے لیے کردار ادا کر رہی ہے، میڈیا اور صحافیوں کے حقوق کے حوالے سے حکومت نے بہت کام کیا ہے۔
قبل ازیں کراچی پریس کلب میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ سسٹم تباہ نہیں ہوا بلکہ اسے تباہ کرایا گیا، سسٹم اگر تباہ ہوا ہے تو اس کا علاج ری سیٹ میں ہے، سسٹم کو ری سیٹ کرنا پڑے گا مگر یہ سیاسی ری سیٹ ہوگا، سیاسی انتقام کی روایت کو ختم کرنا ہوگا، نیب کو سیاسی انتقام کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، پاکستان میں کوئی بھی سیاسی قیدی نہیں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی میں اتنے برے معاشی حالات کبھی نہیں دیکھے، سسٹم کو ری سیٹ کرنے کا آغاز پارلیمان سے کیا جانا چاہیے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپوزیشن کا پارلیمان پر اعتماد بحال کرے، اپوزیشن بھی پارلیمان کا حصہ بنے اور کمیٹیوں میں شامل ہولیکن اپوزیشن کی پارلیمانی نظام پر بداعتمادی کی بھی وجوہات ہیں جس پر ہمیں سوچنا چاہیے۔