پشاور پولیس نے حفاظتی ضمانتیں منظور ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے 3 رہنماؤں کو تھری ایم پی او کے تحت حراست میں لے کر جیل منتقل کردیا جبکہ پی ٹی آئی نے شدید ردعمل دیتے ہوئے اسے توہین عدالت قرار دیتے ہوئے درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے پشاور ہائیکورٹ سے ضمانتیں منظور ہونے کے بعد تین رہنماؤں کی گرفتاری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے توہین عدالت قرار دیتے ہوئے درخواست جلد دائر کرنے کا عندیہ دیا۔
پی ٹی آئی کے پٹی انفارمیشن سیکریٹری خیبرپختونخوا اکرام کھٹانہ نے تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی گرفتاری پر پارٹی کی جانب سے شدید ردعمل جاری کرتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اس وقت عملی طور پر مارشل لاء نافذ ہے۔
ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات خیبر پختونخوا اکرم کھٹانہ نے کہا کہ صوبے میں نہ کوئی عدالت نظر آرہی ہے اور نہ ہی پولیس، تمام غیر قانونی اقدامات کیے جا رہے ہیں، تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
اکرم کھٹانہ نے کہا کہ گرفتاریوں کے خلاف اپنا آئینی اور قانونی حق استعمال کریں گے، وکلا سے مشاورت کے بعد جلد ہی گرفتاریوں پر توہین عدالت کا کیس دائر کیا جائے گا۔
قبل ازیں تحریک انصاف کے رہنما تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم نے حفاظتی ضمانت کیلیے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا جس پر عدالت نے تینوں کی ضمانتیں منظور کیں جبکہ پشاور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔
تحریری فیصلے میں لکھا گیا کہ پشاور ہائیکورٹ نے درخواست گزاروں کی عبوری ضمانت قبل از گرفتاری منظور کر لیا، ملزمان کی عبوری ضمانت 23 نومبر 2026 تک منظور کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان کے خلاف مقدمہ تھانہ شرقی میں 10 مئی 2023 کو درج ہوا تھا، جس میں دہشتگردی ایکٹ سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزاروں کے خلاف مقدمہ بدنیتی اور سیاسی وابستگی پر مبنی قرار ہے۔
عدالت کا درخواست گزاروں کو تفتیش میں شامل ہونے اور تفتیشی افسر کے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا۔
بعد ازاں ایس ایس پی پشاور کی سربراہی میں ٹیم نے پشاور ہائیکورٹ کے احطے سے پی ٹی آئی رہنما تیمور سلیم جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کر کے جیل منتقل کردیا۔ پولیس نے حراست میں لینے سے قبل وارنٹ بھی دکھائے۔