اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کا طالبعلم پاگل کتے کے کاٹنے سے جاں بحق

سفیان عباسی آزاد کشمیر کا رہائشی، 5 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور اور بی ایس انفارمیشن کا طالب علم تھا


ضیغم نقوی November 17, 2026

وفاقی دارالحکومت کی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں مبینہ طور پر پاگل کتے کے کاٹنے سے زخمی ہونے والا طالب علم سفیان عباسی جاں کی بازی ہار گیا جبکہ ساتھی طلبا نے بدھ کو انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والا سفیان عباسی بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد میں بی ایس انفارمیشن ٹیکنالوجی کے پانچویں سمسٹر کا طالب علم تھا۔

سفیان عباسی کو گزشتہ ماہ یونیورسٹی کے ہاسٹل نمبر 5 کے باہر آوارہ کتے کے کاٹنے سے زخمی ہوا تھا۔طلبا کے مطابق کتے کے کاٹنے کے بعد انہیں راولپنڈی کے ہولی فیملی اسپتال لے جایا گیا جہاں اسے اینٹی ریبیز ویکسین بھی لگوائی گئی تھی۔ تاہم اتوار کی رات اچانک اس کی طبیعت خراب ہوگئی جس پر اسے دوبارہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

ساتھی طلبا کے مطابق اسپتال میں ڈاکٹروں نے بتایا کہ انفیکشن جسم میں بہت زیادہ پھیل چکا تھا جس کے باعث حالت تشویشناک ہوئی۔ سفیان عباسی طبی امداد کے باوجود جانبر نہ ہوسکا اور زندگی کی بازی ہار گیا۔

جاں بحق طالب علم سفیان عباسی 5 بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا، جس کی اچانک موت سے اس کے اہل خانہ پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جبکہ یونیورسٹی میں زیر تعلیم اس کے ساتھی بھی شدید صدمے سے دوچار ہیں۔

دوسری جانب بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے طلبا نے سفیان عباسی کی ہلاکت کو یونیورسٹی انتظامیہ کی مبینہ غفلت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کیمپس اور خصوصاً ہاسٹلز کے اطراف آوارہ کتوں کی موجودگی ایک عرصے سے طلبا کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔

طلبا کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی انتظامیہ کو متعدد بار آوارہ کتوں کی موجودگی اور ان سے لاحق خطرات کے بارے میں آگاہ کیا گیا لیکن ان کی شکایات پر مؤثر کارروائی نہیں کی گئی۔ اگر بروقت حفاظتی اقدامات کیے جاتے تو ممکنہ طور پر اس افسوسناک واقعے سے بچا جاسکتا تھا۔

طلبا کے مطابق یونیورسٹی ہاسٹلز میں رہائش پذیر نوجوانوں کو رات کے اوقات میں آوارہ کتوں کی موجودگی کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ہاسٹلز سے تعلیمی شعبوں اور دیگر عمارتوں تک آنے جانے والے طلبہ بھی خود کو غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔

واقعے کے بعد طلبا نے یونیورسٹی انتظامیہ کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے بدھ کی صبح 10 بجے جامعہ میں جمع ہونے کی کال دے دی اور مطالبہ کیا ہے کہ سفیان عباسی کی موت کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں، ممکنہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور یونیورسٹی کی حدود میں آوارہ کتوں سے تحفظ کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

طلبا کا کہنا ہے کہ تعلیمی ادارے میں زیر تعلیم نوجوانوں کی جان و مال کا تحفظ انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے اور آوارہ کتوں کی موجودگی سے متعلق مسلسل شکایات کے باوجود اقدامات نہ کرنا تشویشناک ہے۔

واقعے کے حوالے سے یونیورسٹی ترجمان کا کہنا تھا کہ جاں بحق طالب علم کے لواحقین کیساتھ افسوس کا اظہار کرتے ہیں، یونیورسٹی میں آوارہ کتوں کے داخلے کے حوالے سے ترجمان کا کہنا تھا کہ جامعہ کے مرکزی دروازوں پر سیکیورٹی گارڈز تعینات ہیں جبکہ یونیورسٹی کے گرد چار دیواری بھی موجود ہے، جس کے باعث مرکزی داخلی راستوں سے آوارہ کتوں کا داخلہ ممکن نہیں۔

ترجمان نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ تاہم یونیورسٹی سے ملحقہ ریلوے ٹریک اور مختلف برساتی نالوں کے راستوں سے آوارہ کتے کیمپس میں داخل ہو جاتے ہیں۔ ان راستوں سے کتوں کی آمدورفت روکنے کے لیے مؤثر انتظامات کیے گئے ہیں چونکہ کتوں کو مارنے پر پابندی ہے اس لیے متعلقہ محکموں کو بارہا لکھا گیا اور کہا گیا کہ آوارہ کتوں کو جامعہ سے نکالا جائے۔