میررضا قتل کیس؛ ابتدا میں پولیس نے غفلت کا مظاہرہ کیا، ڈی آئی جی عرفان بلوچ

کیس کی ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش جاری ہے، کوشش کررہے ہیں جو پہلو رہ گئے ہیں اس حوالے سے بھی تفتیش کی جائے، عرفان بلوچ


محمد شاہ میر خان November 17, 2026
فوٹو: فائل

ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے رواں برس جولائی میں قتل ہونے والے نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تفتیش کے حوالے سے کہا ہے کہ ابتدا میں پولیس کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔

میر رضا قتل کیس کی تفتیش کے لیے تشکیل دی گئی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کے سربراہ ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میر رضا کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے آیا تھا اور یہاں آنے کا مقصد میر رضا کے اہل خانہ کو اب تک کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کرنا تھا۔

انہوں نے کہا کہ کیس کی ٹیکنیکل بنیادوں پر تفتیش کی جارہی ہے، ابتدا میں پولیس کی جانب سے غفلت کا مظاہرہ کیا گیا۔

ڈی آئی جی عرفان بلوچ کا کہنا تھا کہ ضرورت پڑنے پر گرفتاریاں بھی کی جائیں گی، نارتھ ناظم آباد میں ویفلیکس کی برانچ سے جو اسلحہ ملا اس کا فرانزک کروایا جارہا ہے اور کوشش کررہے ہیں جو پہلو رہ گئے ہیں ان کے حوالے سے بھی تفتیش کی جائے گی۔

اس موقع پر مقتول میر رضا کے والد نے بتایا کہ جو کام اب ہو رہا ہے وہ کام پہلی تفتیشی ٹیم کرلیتی تو بہتر ہوتا، جے آئی ٹی پر اعتماد ہے اور امید ہے اب تفتیش تیزی سے آگے بڑھے گی۔