امریکی بینکوں کا نظام بحال؛ کیا صارفین کے اکاؤنٹس سے’سائبر لوٹ مار‘ہوئی؟

ہزاروں صارفین کو اکاؤنٹس تک رسائی، رقم کی منتقلی اور دیگر بینکاری معاملات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا


ویب ڈیسک November 18, 2026
امریکا میں جے پی مورگن چیس کے نظام میں سافٹ ویئر خرابی کے باعث متعدد بینکوں کے صارفین کو لین دین میں مشکلات

امریکا کے بڑے بینکوں کی آن لائن خدمات میں تکنیکی خرابی کے باعث ہزاروں صارفین کو اکاؤنٹس تک رسائی، رقم کی منتقلی اور دیگر بینکاری معاملات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم جے پی مورگن چیس نے خرابی دور ہونے کے بعد خدمات معمول پر آنے کی تصدیق کردی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق پیر کو جے پی مورگن چیس، ویلز فارگو، بینک آف امریکا اور یو ایس بینک کے صارفین نے مختلف مسائل کی شکایات کیں۔

چیس بینک کے مطابق اس کے اندرونی ہارڈویئر نظام میں سافٹ ویئر کی خرابی پیدا ہوئی تھی جس سے بعض لین دین مکمل ہونے میں معمول سے زیادہ وقت لگا۔ یہ سائبر حملہ نہیں تھا اور صارفین کے اکاؤنٹس اور رقوم محفوظ رہیں۔

ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر پر چیس بینک کی خدمات سے متعلق تقریباً پانچ ہزار شکایات سامنے آئیں۔ صارفین نے آن لائن اکاؤنٹس کھولنے، بیلنس دیکھنے اور رقم منتقل کرنے میں مشکلات کی اطلاع دی۔

دوسرے بینکوں کے صارفین نے بھی شکایات کیں تاہم ان میں سے بعض اداروں نے واضح کیا کہ ان کے اپنے نظام متاثر نہیں ہوئے بلکہ چیس کے ساتھ لین دین میں تاخیر کے باعث مسائل پیش آئے۔

ڈیجیٹل ادائیگیوں کے پلیٹ فارم زیل نے بھی کہا کہ اس کی سروس معمول کے مطابق کام کررہی تھی۔ صبح تک مختلف بینکوں اور زیل کے حوالے سے شکایات میں نمایاں کمی آگئی تھی۔

واضح رہے کہ حکام نے حالیہ مائیکروسافٹ اور فضائی نظام کی خرابیوں کے ساتھ اس واقعے کا کوئی تعلق ثابت نہیں کیا۔