اسرائیلی مکروہ منصوبہ؛ چہرہ شناسی کیلیے 35 لاکھ فلسطینیوں کی تصاویر ایمازون کو دیدیں

اسرائیل نے 2021 میں بھی ایمازون اور گوگل کے ساتھ اربوں ڈالر کا ’’پروجیکٹ نمبس‘‘ معاہدہ کیا تھا 


ویب ڈیسک November 17, 2026
اسرائیلی فوج نے لاکھوں فلسطینیوں کی تصاویر چہرہ شناسی اور نگرانی کے لیے ایمیزون کے ڈیٹا سینٹر منتقل کیں۔

اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی نگرانی اور شناخت کے لیے 35 لاکھ تصاویر امریکی کمپنی ایمازون کے ڈیٹا سینٹر منتقل کردیں جہاں مصنوعی ذہانت کے ذریعے چہروں کی شناخت اور تجزیے کی ٹیکنالوجی استعمال کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

برطانوی اخبار دی گارڈین کی تحقیق کے مطابق افشا ہونے والی خفیہ دستاویزات اور فوجی ذرائع سے حاصل معلومات سے پتا چلا ہے کہ اسرائیلی فوج نے 2024 کے اوائل میں یہ تصاویر تل ابیب کے قریب ایمازون کے ڈیٹا سینٹر میں منتقل کی تھیں۔

یہ کام اسرائیلی فوج کے ایک شعبے نے کیا جسے ’’رولنگ اسٹون‘‘ کہا جاتا ہے۔ یہ شعبہ غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے کے فلسطینیوں سے متعلق تصاویر اور دیگر معلومات کا وسیع ذخیرہ رکھتا ہے۔

اس نے ایمازون کو بتایا تھا کہ وہ تصاویر کی شناخت کے لیے کمپنی کی مصنوعی ذہانت پر مبنی سروس ’’ریکگنیشن‘‘ استعمال کرنا چاہتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق غزہ میں اکتوبر 2023 کے زمینی حملے کے بعد اسرائیلی فوج نے فوجی چوکیوں سے گزرنے والے بے گھر فلسطینیوں کی تصاویر بھی جمع کیں۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ ایمازون منتقل کی گئی تمام 35 لاکھ تصاویر انہی چوکیوں پر بنائی گئی تھیں یا نہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ اسرائیل نے 2021 میں ایمازون اور گوگل کے ساتھ اربوں ڈالر کا ’’پروجیکٹ نمبس‘‘ معاہدہ کیا تھا جس کے تحت اسرائیلی حکومت اور فوج کو کلاؤڈ کمپیوٹنگ کی سہولت فراہم کی جاتی ہے۔

ایمازون نے کہا کہ اسے اپنے صارفین کے کلاؤڈ نظام میں موجود معلومات اور ان کے استعمال کی تفصیلات تک رسائی نہیں ہوتی جبکہ اسرائیلی فوج نے آپریشنل ضروریات سے متعلق خدمات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔