متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما وسیم اختر اور فاروق ستار نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کا بیان سندھ میں فسادات کرانے کی سازش کا حصہ ہے، خون خرابے کی باتیں کرنے کے بجائے سندھ میں 18 سالہ حکمرانی کی کارکردگی کا جواب دیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری کے سندھ کی تقسیم پر کراچی میں خون خرابے سے متعلق بیان پر وسیم اختر نے کہا کہ سندھ کے اسکولوں میں تعلیم نہیں، اسپتالوں میں علاج کی سہولتیں میسر نہیں، جبکہ کرپشن اور لوٹ مار عروج پر ہے۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کے بجائے بلاول بھٹو کو خون خرابہ کیوں یاد آ رہا ہے؟ سانحہ پکا قلعہ اور 27 دسمبر جیسے واقعات کی یاد دلا کر عوام میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش نہ کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ صرف کراچی اور حیدرآباد کی سڑکوں پر ہی بلاول بھٹو کو خون خرابے کا خدشہ کیوں نظر آتا ہے، دیگر صوبوں میں ایسی باتیں کیوں نہیں کی جاتیں؟
وسیم اختر نے کہا کہ اب مہاجر اور سندھی عوام آپس میں نہیں لڑیں گے، دونوں قومیتوں کے عوام امن، بھائی چارے، ترقی اور خوشحالی چاہتے ہیں۔ کراچی اور حیدرآباد کے شہریوں کو لڑائی نہیں بلکہ بااختیار نظام، بہتر انتظامی ڈھانچہ اور اپنے مسائل کا حل درکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے انتظامی یونٹس کا قیام وقت کی ضرورت ہے، عوام ایسا نظام چاہتے ہیں جہاں ان کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔ نئے انتظامی یونٹس کے قیام کی جدوجہد آئینی اور قانونی طریقے سے جاری رہے گی۔
وسیم اختر نے بلاول بھٹو کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گیدڑ بھبکیوں کے بجائے سندھ کی حکمرانی اور عوامی مسائل کا جواب دیں۔ عوام کو خوفزدہ کرنے کے بجائے تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ دی جائے۔
دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ یہ عندیہ یا اطلاع نہیں بلکہ پورے وثوق اور یقین کے ساتھ بتا رہا ہوں کہ یکم جنوری 2027 کا سورج کئی صوبوں کا پاکستان لے کر طلوع ہوگا، دسمبر کے ماہ میں پورے ملک میں ریفرنڈم ہوگا۔
لیاقت آباد نمبر 9 دارالسلام مسجد میں انتظامی یونٹس کے حوالے سے منعقدہ عوامی رابطہ مہم کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ مبارکباد، ہمارے اجداد نے پاکستان کو گورے انگریزوں سے آزاد کرایا تھا، آج ان کی نسلیں کالے انگریزوں سے پاکستان کو آزاد کرانے جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب تک انتظامی اصلاحات کے نام پر تجربے ہوتے رہے ہیں، جہاں جہاں صوبے کی تحریکیں ہیں پورا قومی منظر نامہ تبدیل ہو کر اب انتظامی یونٹس کے قیام کی باتیں ہو رہی ہیں، چار صوبوں کا پاکستان 2026 میں روانہ کر کے کئی صوبوں کا پاکستان 2027 میں شروع ہو جائے گا۔
فاروق ستار نے کہا کہ بدترین، کرپٹ ترین حکمرانی اٹھارہ سالوں سے سندھ میں ہے، دنیا کے کسی خطے میں اتنی بدعنوانی اور کرپٹ حکمرانی آپ کو کہیں نظر نہیں آئے گی، آج ثابت ہو گیا کہ 29 نومبر کو شاہراہ فیصل پر عوام کے سر ہی سر ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ چھ انتظامی یونٹس سندھ میں بنیں گے، کراچی انتظامی یونٹ کا نام لیاقت علی خان یونٹ رکھیں گے، خوشخبری دے رہا ہوں کہ آپ کا انتظامی یونٹ بن گیا ہے، اب مظلوم، محکوم عوام کو اختیار، وسائل، تعمیر و ترقی ملنے جا رہی ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ پاکستان کی سیاست کے کنوئیں میں اجارہ داری، جاگیرداری کا مرا ہوا کتا پڑا ہوا ہے، چار صوبوں اور چند سو خاندانوں کی موروثی سیاست کے اس مرے ہوئے کتے کو اس کنوئیں سے نکال پھینکنا ہے، اس کنوئیں سے اجارہ داری کے کتے کو نکال کر شراکت داری کا پانی اس کنوئیں میں ڈالنا ہوگا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر شدید ردعمل دیتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ بلاول زرداری! اس کا اصل نام بلاول زرداری ہے اسی نام سے پکاروں گا، بلاول نے جو بات کی ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کے حواس باختہ ہو گئے ہیں، اس نے اب زہر اگلنا شروع کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ریاستی اداروں کی توجہ دلانا چاہتا ہوں کہ بلاول کے اس بیان کو سمجھیں، یہ سندھ میں فسادات کرانے کی سازش ہے، لوگوں کو محسوس ہو گیا ہے کہ بھائی کو بھائی سے لڑنے کے لیے پیسے خرچ کیے جا رہے ہیں، قادر مگسی اور جانو آرائیں سے دل نہیں بھرا تو اب یہ ٹھیکا بلاول نے لے لیا۔
فاروق ستار نے کہا کہ اگر عوامی آدمی ہو، مکالمے پر یقین رکھتے ہو تو جو بات آج تم نے کہی یہ بے نظیر یا ذوالفقار کی پرورش اور زبان نہیں، یہ قادر مگسی کی زبان ہے، کیسے کراچی میں خون ریزی ہوگی؟
انہوں نے کہا کہ بلاول نے سازش کی ہے آج، بلاول کی تقریر ہیٹ اسپیچ ہے، ایم کیو ایم کے پچھلے دور کی ہیٹ اسپیچ کی بات کی جاتی ہے، اصل ہیٹ اسپیچ یہ ہے، اس سے بری اور نفرت انگیز تقریر کسی نے پہلے کبھی نہیں کی۔
فاروق ستار نے کہا کہ تم اقتدار کے مزے میں ہو، آٹھ آٹھ آئینی عہدے لے کر ایسی باتیں کر رہے ہو، یہ نفرت انگیزی، اشتعال انگیزی اور شر انگیزی ہے، اس بیان کا اعلیٰ سطح پر نوٹس لینا چاہیے، تمھارے باپ کی جاگیر ہے جو کراچی میں خون ریزی ہوگی؟
انہوں نے کہا کہ چھوٹے صوبے ہوں گے تو نظام صحیح طرح چل سکے گا، بلاول تم نے جتنی آگ لگائی ہے لیکن میں جلتی پر تیل نہیں ڈالوں گا، ہم اس تقریر کے خلاف مثبت اور پرامن احتجاج کریں گے، محسن نقوی موومنٹ کی جانب سے آنے والی تجویز پر کراچی میں ریلا نکالیں گے، اسلام آباد کے جلسے، دھرنے سب دھرے دھرے رہ جائیں گے۔