کراچی:
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے نئے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایڈرین ہیملٹن نے ملازمین کے نام اپنا پہلا باضابطہ پیغام جاری کردیا جس میں تمام ملازمین کے لیے کارکردگی دکھانے کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔
سی ای او پی آئی اے ایڈرین ہیملٹن کے مطابق ادارے میں اب ہر ملازم کی کارکردگی کا جائزہ مقررہ اہداف کی بنیاد پر لیا جائے گا۔ سرکاری ادارے سے نجی ایئرلائن میں منتقلی کے لیے کارکردگی پر مبنی کلچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے نظام کے تحت ملازمین کی کارکردگی مقررہ پیمانوں پر جانچی جائے گی، اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے ملازمین کی حوصلہ افزائی جبکہ کم کارکردگی والے ملازمین کو کوچنگ فراہم کی جائے گی۔
ایڈرین ہیملٹن نے اعلان کیا کہ وہ بطور سی ای او خود بھی نئے پرفارمنس اسیسمنٹ سسٹم کے تحت اپنی کارکردگی کا جائزہ ملازمین کے ساتھ شیئر کریں گے، سی ای او کے مطابق پی آئی اے میں ملازمین کی ترقی، کارکردگی اور ادارے کے اہداف کو ایک دوسرے سے منسلک کرنے کی تیاری جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔