ابو ظہبی ٹی 10: شاداب خان کی 76 رنز کی طوفانی اننگز، یقینی شکست فتح میں بدل دی

شاداب خان نے پاکستانی بیٹرز کی جانب سے ٹی 10 لیگ میں دوسری تیز ترین نصف سنچری اسکور کی


اسپورٹس ڈیسک November 18, 2026

پاکستان کے آل راؤنڈر شاداب خان نے ابو ظہبی ٹی 10 لیگ میں دھواں دار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے یقینی شکست فتح میں بدل دی۔

شاداب خان نے یو اے ای بلز کی نمائندگی کرتے ہوئے رائل ڈیزرٹ چیمپئن کے خلاف محض 16 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی اور اپنی ٹیم کو اہم میچ میں کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

شاداب خان کی یہ جارحانہ اننگز پاکستانی بیٹرز کی جانب سے ٹی 10 لیگ میں دوسری تیز ترین نصف سنچری ہے۔

اس سے قبل سابق کپتان شاہد آفریدی نے 2018 میں صرف 14 گیندوں پر ففٹی بنا کر پاکستانی کھلاڑی کی تیز ترین نصف سنچری کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

یو اے ای بلز کو آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 45 رنز درکار تھے جو شاداب خان نے اپنی طوفانی بیٹنگ سے ایک گیند قبل ہی بنا دیے۔

انہوں نے صرف 21 گیندوں پر 9 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔