وزیر خزانہ اور سنگاپور کے نائب وزیراعظم کی ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال

وزیر خزانہ کا سنگاپور کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی موجودگی مزید بڑھانے کی گنجائش پر زور


ویب ڈیسک November 18, 2026

اسلام آباد:

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے سنگاپور کے نائب وزیراعظم گان کم یونگ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزارت خزانہ کے مطابق ملاقات سنگاپور میں سنگاپور فن ٹیک فیسٹیول 2026 کے موقع پر ہوئی جس میں سنگاپور میں پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق بھی شریک تھیں۔

اس موقع پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ روابط میں تیزی آرہی ہے۔ انہوں نے سنگاپور کے وزیر خارجہ ڈاکٹر ویویان بالاکرشنن کے حالیہ دورہ پاکستان کا بھی حوالہ دیا۔

محمد اورنگزیب نے 2027 میں آسیان کی سربراہی سنبھالنے پر سنگاپور کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان نے شنگھائی تعاون تنظیم کی سربراہی سنبھالی ہے۔ ملاقات میں مالیات، مصنوعی ذہانت، فن ٹیک، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے امکانات پر بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں، خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کے لیے براہ راست روابط بڑھانے کی ضرورت ہے۔

دونوں فریقین نے پاکستانی غذائی اور زرعی مصنوعات کی سنگاپور میں تجارت بڑھانے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے سنگاپور کی منڈی میں پاکستانی مصنوعات کی موجودگی مزید بڑھانے کی گنجائش پر زور دیا۔

محمد اورنگزیب نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مشرق وسطیٰ میں امن کی امید ظاہر کی اور کہا کہ پاکستان علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔