رابرٹ پیٹنسن کو جیمز بانڈ کے مشہور کردار کے لیے منتخب کیے جانے کے بعد فلمی دنیا کے ساتھ ساتھ لگژری مصنوعات بنانے والی کمپنیوں کی توجہ بھی نئی فلم پر مرکوز ہوگئی ہے۔ گھڑیوں، مہنگی گاڑیوں، ملبوسات اور مشروبات کے بڑے برانڈز اب اس موقع کے منتظر ہیں کہ ان کی مصنوعات نئے ایجنٹ 007 کے استعمال میں دکھائی دیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق رابرٹ پیٹنسن کی بطور نئے جیمز بانڈ تقرری نے فیشن اور اشتہارات کی صنعت میں بھی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔ مختلف کمپنیاں یہ موقع حاصل کرنا چاہتی ہیں کہ ان کا نام برطانیہ کے اس معروف خفیہ ایجنٹ کے ساتھ جڑ جائے۔ جیمز بانڈ کا کردار چھ دہائیوں سے زائد عرصے سے سینما کا حصہ ہے اور اسے دنیا کے مؤثر ترین تجارتی کرداروں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فلمی سلسلے سے وابستگی مختلف برانڈز کو اپنی مصنوعات عالمی سطح پر متعارف کرانے کا موقع فراہم کرتی رہی ہے۔
فلمی تشہیر کے ماہرین کے مطابق بانڈ کی مقبولیت صرف اس کی کہانی یا کردار تک محدود نہیں، بلکہ اس کے لباس، استعمال کی جانے والی اشیا اور مخصوص طرزِ زندگی نے بھی اسے ایک نمایاں تجارتی شناخت دی ہے۔ رابرٹ پیٹنسن کی مقبولیت بھی اس معاملے میں اہمیت رکھتی ہے۔ ٹوائی لائٹ اور بیٹ مین جیسی فلموں کے باعث ان کے مداحوں میں مرد و خواتین کے علاوہ مختلف عمر کے افراد شامل ہیں، جبکہ فیشن کی دنیا میں بھی ان کی اپنی مضبوط پہچان ہے۔
نئی فلم میں سب سے زیادہ توجہ گھڑیوں کے برانڈز کے درمیان ممکنہ مقابلے پر ہے۔ ڈینیئل کریگ نے جیمز بانڈ کا کردار ادا کرتے ہوئے اومیگا کی گھڑیاں استعمال کی تھیں۔ یہ کمپنی 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم گولڈن آئی کے بعد سے بانڈ کی شناخت کا حصہ رہی ہے۔ تاہم رابرٹ پیٹنسن رواں برس ستمبر میں سوئس لگژری واچ کمپنی جگر لیکولٹرے کے عالمی سفیر بن چکے ہیں۔ اس پیش رفت کے بعد یہ سوال پیدا ہوگیا ہے کہ نئی فلم میں ان کی کلائی پر کس کمپنی کی گھڑی دکھائی جائے گی۔ جگر لیکولٹرے نے بھی نئے بانڈ کے اعلان کے بعد سوشل میڈیا پر پیٹنسن کی تصاویر شیئر کی ہیں۔
دلچسپ پہلو یہ ہے کہ نئے جیمز بانڈ کے طور پر رابرٹ پیٹنسن کی پہلی سامنے آنے والی تصویر میں ان کی کلائی پر کوئی گھڑی دکھائی نہیں دی۔ اس معمولی سی تفصیل نے بھی اشتہاری صنعت میں بحث چھیڑ دی ہے، کیونکہ مختلف کمپنیاں بانڈ کے ساتھ اپنی گھڑی کی تشہیر کا موقع حاصل کرنا چاہتی ہیں۔ مارکیٹنگ کے ماہرین کے خیال میں اس شعبے میں مقابلہ خاصا سخت ہوسکتا ہے، کیونکہ ماضی میں اس فلمی کردار سے وابستہ رہنے والے برانڈز بھی دوبارہ اس کا حصہ بننے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔
لباس کے معاملے میں بھی بڑی فیشن کمپنیوں کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔ ڈینیئل کریگ کے دور میں ٹام فورڈ جیمز بانڈ کے ملبوسات تیار کرتا رہا، جبکہ رابرٹ پیٹنسن 2013 سے فرانسیسی فیشن برانڈ ڈائیور کے ساتھ وابستہ ہیں۔ ڈائیور نے نئے بانڈ کے انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا ہے، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں شروع ہوگئی ہیں کہ آیا یہ کمپنی نئی فلم میں ٹام فورڈ کی جگہ لے سکتی ہے۔ تاہم دونوں برانڈز میں سے کسی نے بھی اس حوالے سے کسی حتمی معاہدے کی تصدیق نہیں کی۔
جیمز بانڈ کی فلموں میں مہنگی اور جدید گاڑیوں کو بھی ہمیشہ نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔ برطانوی کمپنی آسٹن مارٹن کی گاڑیاں اب تک تقریباً ایک درجن بانڈ فلموں میں دکھائی جا چکی ہیں اور ڈینیئل کریگ کے دور میں بھی یہ گاڑیاں فلم کا اہم حصہ تھیں۔ نئی فلم میں آسٹن مارٹن کی واپسی ہوگی یا نہیں، اس بارے میں کمپنی نے تاحال کوئی تبصرہ نہیں کیا۔ اسی طرح مشروبات بنانے والی کمپنیوں کی بھی فلم میں اپنی مصنوعات دکھانے میں دلچسپی متوقع ہے۔ گزشتہ فلم میں بانڈ کے معروف مارٹینی مشروب کے لیے اسمرنوف ووڈکا کو نمایاں کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق نئی جیمز بانڈ فلم 2028 میں ریلیز ہونے کی توقع ہے۔ گزشتہ فلم کے بعد یہ سات سال کا وقفہ ہوگا۔ فلم کی ہدایت کاری ڈینس ویلنیو کریں گے اور یہ ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کے تحت بننے والی جیمز بانڈ سیریز کی پہلی فلم ہوگی۔
ماہرین کے مطابق رابرٹ پیٹنسن اور ڈینس ویلنیو دونوں اپنے سادہ مگر منفرد تخلیقی انداز کے لیے جانے جاتے ہیں، اس لیے ممکن ہے کہ نئی فلم میں مصنوعات کی تشہیر ماضی کے مقابلے میں کم نمایاں ہو۔ آج کے ناظرین، بالخصوص نوجوان، فلموں میں غیر ضروری تجارتی تشہیر کو زیادہ پسند نہیں کرتے۔ اسی لیے برانڈز کے انتخاب میں صرف مالی پیشکش نہیں بلکہ کہانی اور کردار کے تقاضوں کو بھی اہمیت دی جاسکتی ہے۔ تشہیری ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بار فیصلہ محض رقم کی بنیاد پر نہیں ہوگا، بلکہ ہدایت کار کا تخلیقی تصور طے کرے گا کہ نیا جیمز بانڈ کون سی گھڑی پہنے گا، کس برانڈ کا لباس استعمال کرے گا اور کس گاڑی میں سفر کرے گا۔