پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے (IWT) کو یکطرفہ اورغیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اقدام اور پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ اور علاقائی امن و استحکام کے منافی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جادون نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے اپنے فیصلے میں اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ کسی بھی ملک کو مشترکہ قدرتی وسائل کو بین الاقوامی قانون اور معاہداتی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دباؤ ڈالنے یا سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔
سلامتی کونسل کی قرارداد 2788 کا حوالہ دیتے ہوئے سفیر عثمان جادون نے اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 33 کے تحت تنازعات کے پرامن حل کی اہمیت اجاگر کی، بالخصوص پانی سمیت مشترکہ سرحد پار قدرتی وسائل کے انتظام کے حوالے سے۔
قدرتی وسائل اور تنازعات کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قدرتی وسائل کو استحصال اور تنازعات کا ذریعہ بنانے کے بجائے پائیدار ترقی، مشترکہ خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے بروئے کار لایا جانا چاہیے۔
افریقی ممالک کی جانب سے اپنے قدرتی وسائل پر خودمختار اختیار کے حصول کی جدوجہد کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کا اعادہ کرتے ہوئے نائب مستقل مندوب نے کہا کہ بیرونی مداخلت، وسائل کا غیر قانونی استحصال، سیاسی محرومی، کمزور ادارے اور اشرافیہ کی جانب سے وسائل کی دولت پر اجارہ داری اکثر قدرتی وسائل کو تنازعات کا سبب بنا دیتی ہے۔ انہوں نے جمہوریہ کانگو کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہاں معدنی وسائل کی بے پناہ دولت عوام کی خوشحالی کے بجائے تنازعات کے تسلسل کا سبب بنی ہوئی ہے۔
سفیر عثمان جادون نے قدرتی وسائل سے متعلق تنازعات کی روک تھام کے لیے تین اہم ترجیحات کی نشاندہی کی۔ ان میں تنازعات کی بنیادی سیاسی اور انتظامی وجوہات کا حل، جامع سیاسی مفاہمت اور وسائل کی منصفانہ تقسیم؛ وسائل کی غیر قانونی ترسیل اور تنازعات کی مالی معاونت روکنے کے لیے سپلائی چین میں شفافیت، ذمہ دارانہ خریداری اور عالمی تعاون کا فروغ؛ اور ترقی پذیر وسائل سے مالا مال ممالک کو سرمایہ کاری، مقامی سطح پر پیداوار و پراسیسنگ، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور اضافی قدر کے حصول سے مستفید کرنے کو یقینی بنانا شامل ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا مشترکہ مقصد قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کے بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بنانا ہونا چاہیے۔