راولاکوٹ مسلح حملے میں شہید ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ رینجرز کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا

ملک کے امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں


خالد محمود November 19, 2026

کراچی:

راولاکوٹ میں دورانِ ڈیوٹی مسلح حملے میں فائرنگ سے شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی کی نمازِ جنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔

راولاکوٹ کے علاقے متیالمیرا میں فسادی جتھے کی فائرنگ سے دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے پاکستان رینجرز (سندھ) کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ برکت علی کی نمازِ جنازہ میں کور کمانڈر کراچی، شہید کے لواحقین، سینئر سول و عسکری اور پولیس حکام نے شرکت کی۔

نمازِ جنازہ میں شریک افراد نے شہید کی فرض شناسی، بہادری اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا، جبکہ اس موقع پر اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار بھی کیا گیا۔

نمازِ جنازہ کے بعد شہید برکت علی کا جسدِ خاکی ان کے آبائی علاقے روانہ کردیا گیا، جہاں انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔

ملک کے امن و استحکام کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ سیکیورٹی ادارے امن و امان کے قیام اور عوام کے تحفظ کے لیے پرعزم ہیں۔