مرکزی مسلم لیگ کا جھوٹے الزامات پر عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس

معافی نہ مانگی گئی تو عدالت میں کاروائی کا حق رکھتے ہیں، پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے سے بھی رجوع کیا جائے گا


آصف محمود November 19, 2026

لاہور:

مرکزی مسلم لیگ  کے خلاف ہتک آمیز ،جھوٹے، بدنیتی پر مبنی بیانات پر پارٹی نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کو 5 ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھجوا دیا۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ کی جانب سے پارٹی کو دہشتگرد، کالعدم کہنے کے بیانات پر 7 روز میں معافی مانگنے، الزامات واپس لینے اور سوشل میڈیا سے مواد حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر معافی نہ مانگی گئی تو عدالت میں کاروائی کا حق رکھتے ہیں،پیکا ایکٹ کے تحت این سی سی آئی اے سے بھی رجوع کیا جائے گا۔

قانونی نوٹس  مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی جانب سے ان کے وکلا صاحِبزادہ محمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالحفیظ اور شیخ ایم نعیم مظہر ایڈووکیٹس ہائی کورٹ کے ذریعے جاری کیا گیا ہے، جس میں  کہا گیا ہے کہ مرکزی مسلم لیگ، الیکشن کمیشن آف پاکستان میں باقاعدہ رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے اور 2022ء سے ملک میں سیاسی و فلاحی سرگرمیاں انجام دے رہی ہے۔

مرکزی مسلم لیگ کو ملک کے جمہوری اور انتخابی عمل میں حصہ لینے کا قانونی حق حاصل ہے۔عظمیٰ بخاری نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ ایکس پر بیان جاری کیا اور الیکٹرانک میڈیا پر بھی بیانات دیےجنہیں نیوز چینلز پر بار بار نشر کیا گیا۔ ان بیانات میں  مرکزی مسلم لیگ کو مبینہ طور پر ’دہشت گرد جماعت‘، ’غیر قانونی جماعت‘ اور ’کالعدم جماعت‘ قرار دیا گیا، جو  جھوٹے، بے بنیاد، توہین آمیز اور ہتکِ عزت کے زمرے میں آتے ہیں ۔

مرکزی مسلم لیگ نے 2024ء کے عام انتخابات میں اپنے انتخابی نشان ’کرسی‘ کے تحت حصہ لیا اور عوامی سطح پر اپنی سیاسی حیثیت منوائی۔ مرکزی مسلم لیگ نے 8 نومبر 2026ء کو حلقہ این اے 77 گجرانوالہ کے ضمنی انتخابات میں دوسری بڑی جماعت ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا

قانونی نوٹس میں عظمیٰ بخاری سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ مرکزی مسلم لیگ کے خلاف مزید کسی قسم کے ہتک آمیز یا توہین آمیز بیانات دینے، شائع کرنے اور پھیلانے سے فوری طور پر باز رہیں۔ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور دیگر ذرائع پر موجود تمام متنازع پوسٹس، ویڈیوز، تبصرے اور مواد حذف کیے جائیں، مرکزی مسلم لیگ کو دہشت گرد اور کالعدم قرار دینے کے الزامات عوامی سطح پر واپس لیے جائیں اور اسی پلیٹ فارم کے ذریعے جماعت، اس کی قیادت، کارکنان اور حامیوں سے غیر مشروط تحریری و عوامی معذرت کی جائے۔

ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ عظمیٰ بخاری آئندہ ایسے بیانات نہ دینے کی تحریری یقین دہانی کروائیں اور متنازع بیانات سے متعلق تمام ریکارڈ، پیغامات، ویڈیوز اور دیگر مواصلاتی مواد محفوظ رکھیں۔

قانونی نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ پیکا ایکٹ کے تحت وضع کردہ اخلاقی ضابطے کی مبینہ خلاف ورزی پر این سی سی آئی اے سے بھی رجوع کیا جائے گا۔ عظمیٰ بخاری کے  بیانات سے مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو کی عزت، وقار اور ساکھ کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ اس نقصان کے ازالے کے لیے 5 ارب روپے بطور ہرجانہ مقرر کیے گئے ہیں، جس کے حصول کے لیے قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نوٹس میں عظمیٰ بخاری کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ نوٹس موصول ہونے کے 7 روز کے اندر تمام مطالبات پر عمل درآمد کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف مجاز عدالتوں میں قانونی کارروائی شروع کی جائے گی اور اس کے تمام اخراجات و نتائج کی ذمہ داری ان پر عائد ہوگی۔