سری لنکن کرکٹر سونل دینوشا نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ میچ ابھی ختم نہیں ہوا، ہماری کوشش ہوگی کہ چوتھے روز صبح مزید رنز بنا کر برتری میں اضافہ کریں۔
راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سونل دینوشا نے کہا کہ پہلی اننگز میں مشکلات کے باوجود ٹیم نے شاندار کم بیک کیا۔ وہ اپنی بیٹنگ یونٹ کی کارکردگی سے خوش ہیں، جبکہ پاکستانی بولرز نے پہلی اننگز میں بہت اچھی بولنگ کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ دوسری اننگز میں سری لنکن بلے بازوں نے صبر و تحمل سے بیٹنگ کی۔ جتنا زیادہ اسکور کریں گے، ٹیم کے لیے اتنا ہی بہتر ہوگا۔
سونل دینوشا کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کا تجربہ بہت اچھا رہا۔ یہاں مشکل کنڈیشنز میں کھیلنا کھلاڑیوں کے لیے مفید ہے۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور سکیورٹی فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہمان ٹیم کی سکیورٹی کو اولین ترجیح دی گئی اور بہترین میزبانی کی گئی۔
واضح رہے کہ راولپنڈی میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر سری لنکا نے دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز بنالیے ہیں اور پاکستان کے خلاف 82 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے، جبکہ اس کی ایک وکٹ باقی ہے۔