اسرائیل میں یہودی انتہا پسندوں نے ایک مسجد پر آتش گیر مادہ پھینک کر آگ لگا دی جب کہ عمارت کے قریب عبرانی زبان میں انتقامی نعرے بھی لکھ دیئے۔
اسرائیلی اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کی علی الصباح ریاست کے شمالی علاقے میں واقع گاؤں دہی میں پیش آیا۔
اسرائیلی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جب کہ داخلی سلامتی کے ادارے شن بیت کو بھی تفتیش میں شامل کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔
مسجد کے امام شیخ خالد زوابی نے بتایا کہ تین نقاب پوش افراد قریبی جنگلات کی جانب سے آئے اور لوہے کے دروازوں کے باعث اندر داخل ہونے میں ناکامی پر کھڑکی توڑ کر آتش گیر مواد پھینک دیا۔
آتش گیر مادے کی وجہ سے مسجد کے اندر آگ بھڑک اُٹھی اور مسجد کے ایک حصے کو شدید نقصان پہنچا تاہم مسجد کمیٹی اور علاقہ مکینوں نے آگ کو وسیع پیمانے پر پھیلنے سے روک لیا۔
مسجد کے قریب تحریر کیے گئے نعروں میں مغربی کنارے میں مارچ کے دوران ہلاک ہونے والے یہودی آبادکار یہودا شرمن کو خراج تحسین پیش کیا گیا تھا۔
عرب رکن پارلیمان احمد طیبی نے وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور ان کی حکومت کو عرب آبادی کے خلاف نفرت انگیز بیانات کے باعث سیاسی اور اخلاقی طور پر ذمہ دار قرار دیا۔
عرب جماعت رعام کے سربراہ منصور عباس نے بھی واقعے کو نفرت انگیز جرم اور مقدس مقام کی بے حرمتی قرار دیتے ہوئے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
اسرائیلی اپوزیشن رہنما یائر لاپید نے بھی مسجد کو آگ لگانے کی مذمت کرتے ہوئے عرب شہریوں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات روکنے پر زور دیا۔