کوئٹہ:
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے مشرقی بائی پاس کی بوسہ منڈی میں دو گروپوں کے درمیان تلخ کلامی اور لڑائی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک نوجوان جاں بحق جبکہ دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہو گئے۔
افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ جاں بحق نوجوان کے اہل خانہ میں کہرام مچ گیا۔
ایس ایچ او تھانہ خالق شہید اعجاز محمود کے مطابق واقعہ مبینہ طور پر شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران پیش آیا، جہاں چند نوجوان کرکٹ کھیلنے کے لیے مبینہ طور پر ایک دکاندار سے کرکٹ بلا مانگنے آئے تھے۔ دکاندار نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کے باعث کرکٹ بلا دینے سے انکار کر دیا، جس پر دونوں جانب سے تلخ کلامی اور گالم گلوچ شروع ہو گئی۔
دیکھتے ہی دیکھتے معمولی نوعیت کا تنازع شدت اختیار کر گیا اور دونوں گروپوں کے درمیان لڑائی شروع ہو گئی، جس کے دوران فائرنگ کی گئی فائرنگ کے نتیجے میں 22 سالہ نوجوان نیاز محمد ولد جان محمد موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ دو بچوں اور دو نوجوانوں سمیت چار افراد گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئے۔
واقعے کے فوری بعد زخمیوں کو طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سینٹر منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ایس ایچ او اعجاز محمود کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی شروع کر دی، جبکہ واقعے کے محرکات، فائرنگ میں ملوث افراد اور دیگر تفصیلات معلوم کرنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران پیش آنے والے اس افسوسناک واقعے نے ایک مرتبہ پھر معمولی تنازعات کے دوران اسلحے کے استعمال اور قانون کو ہاتھ میں لینے کے خطرناک رجحان پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔