پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کا اڈیالہ جیل میں پمز کے ڈاکٹر عارف خان کی سربراہی میں میڈیکل ٹیم نے طبی معائنہ کیا۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کا جیل میں طبی معائنہ مکمل ہوا، جس کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم اڈیالہ جیل سے واپس روانہ ہو گئی۔
جیل ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹر تقریباً 2 گھنٹے تک جیل میں دونوں کا فالو اپ چیک اَپ کرتے رہے، ڈاکٹر نے دونوں میاں بیوی کا ظاہری معائنہ کیا اور دونوں کی تکلیف سے متعلق نوٹس بھی تیار کیے۔
قبل ازیں جیل ذرائع نے بتایا تھا کہ پمز اسپتال کے ڈاکٹر عارف خان اڈیالہ جیل پہنچ گئے ہیں جہاں وہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کریں گے، ڈاکٹر عارف خان کو جیل اسپتال کے عملے کی معاونت حاصل ہے۔
جیل ذرائع نے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کا فالو اپ چیک اپ کیا جائے گا۔