سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کے صدر دفتر پر مشتمل بلند عمارت پر یمن کے حوثیوں کے میزائل حملے کے بعد علاقے کو خالی کرالیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تین باخبر ذرائع نے بتایا کہ حوثیوں کے میزائل حملے میں ریاض کے کنگ عبداللہ مالیاتی ضلع میں واقع پی آئی ایف ٹاور کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
واقعے کے بعد مالیاتی ضلع کے تمام داخلی راستے بند کردیے گئے جبکہ وہاں موجود افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔ جائے وقوع پر ایمبولینسیں اور آگ بجھانے والی گاڑیاں بھی پہنچ گئیں۔
عمارت کو پہنچنے والے نقصان کی مکمل تفصیلات اور ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ یہ عمارت سعودی عرب کی بلند ترین عمارتوں میں شمار ہوتی ہے اور ملک کے اہم ترین مالیاتی ادارے کا صدر دفتر ہے۔
سعودی اتحاد نے ریاض کی جانب آنے والے میزائل خطرے سے نمٹنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی جائزے میں میزائل کا ملبہ گرنے سے مالی نقصان سامنے آیا ہے تاہم اس کی نوعیت کا تعین کیا جارہا ہے۔
حوثیوں نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی جبکہ سعودی خودمختار سرمایہ کاری فنڈ نے رائٹرز کو تبصرے کے لیے موصول ہونے والی درخواست کا جواب بعد میں دینے کا کہا۔
واضح رہے کہ رواں ماہ سعودی عرب کے اہم مالیاتی مرکز پر یہ دوسرا حملہ ہے۔ اس سے قبل 8 نومبر کو اسی علاقے میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی عمارت بھی حملے میں متاثر ہوئی تھی۔