سچن ٹنڈولکر کی شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ سے ملاقات، کرکٹ بھی کھیلی

یہ ملاقات ممبئی میں ہوئی جہاں سچن ٹنڈولکر نے شہزادہ ولیم، شہزادی کیٹ اور مقامی بچوں کیساتھ اسٹریٹ کرکٹ بھی کھیلی


ویب ڈیسک November 19, 2026

بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے ممبئی کے دورے پر برطانوی شاہی جوڑے شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ کے ساتھ ملاقات کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کھیل اور کمیونٹی سے متعلق گفتگو لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لاتی ہے۔

سچن ٹنڈولکر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصاویر شیئر کیں اور لکھا کہ ارتھ شاٹ پرائز سمٹ کے موقع پر شہزادہ اور شہزادی آف ویلز کے ساتھ وقت گزارنا خوشگوار تجربہ تھا۔ ان کے مطابق کھیل اور معاشرے سے متعلق گفتگو کے ذریعے لوگوں کو آپس میں جوڑنے کا موقع ہمیشہ خاص ہوتا ہے۔

یہ ملاقات 16 نومبر کو ممبئی کے علاقے بالارڈ اسٹیٹ میں ہوئی، جہاں سچن ٹنڈولکر نے شہزادہ ولیم، شہزادی کیٹ اور مقامی بچوں کے ساتھ اسٹریٹ کرکٹ بھی کھیلی۔ اس موقع پر نوجوان کھلاڑیوں کو کرکٹ کے عظیم کھلاڑی کے ساتھ کھیلنے کا موقع ملا۔

شاہی جوڑے کا ممبئی کا دورہ 2026 کے ارتھ شاٹ پرائز کا حصہ تھا۔ یہ ماحولیاتی اقدام شہزادہ ولیم نے دنیا کو درپیش بڑے ماحولیاتی مسائل کے حل تلاش کرنے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لیے شروع کیا تھا۔

سچن ٹنڈولکر کے پیغام میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کھیل صرف مقابلے اور کامیابی کا نام نہیں بلکہ مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو قریب لانے اور نوجوانوں کو آگے بڑھنے کی ترغیب دینے کا ذریعہ بھی ہے۔