شاہ رخ خان دنیا کے 100 عظیم فلمی ستاروں میں شامل، فہرست میں واحد بھارتی اداکار

جریدے نے 61 سالہ اداکار کو ’بالی ووڈ سنیما کا دیو قامت ستارہ‘ قرار دیا


ویب ڈیسک November 19, 2026
فوٹو : انٹرنیٹ

بالی ووڈ کے سپر اسٹار شاہ رخ خان نے عالمی سطح پر ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔ معروف امریکی جریدے ’ورائٹی‘ کی جانب سے جاری کردہ دنیا کے 100 عظیم ترین فلمی ستاروں کی فہرست میں انہیں بھی شامل کرلیا گیا ہے۔ اس فہرست میں شاہ رخ خان 92ویں پوزیشن پر ہیں اور وہ واحد بھارتی اداکار ہیں جنہیں اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

جریدے نے 61 سالہ اداکار کو ’بالی ووڈ سنیما کا دیو قامت ستارہ‘ قرار دیتے ہوئے لکھا ہے کہ شاہ رخ خان کا شمار بھارت کے آخری سپر اسٹارز میں ہوتا ہے۔ ان کی جاندار اداکاری، بھرپور شخصیت، ڈرامائی صلاحیتوں اور مزاحیہ انداز نے انہیں مختلف ادوار میں مقبولیت کی بلندیوں پر برقرار رکھا۔

رپورٹ میں شاہ رخ خان کے فلمی سفر کا ذکر کرتے ہوئے ’بازی گر‘ اور ’ڈر‘ کو ان کے کیریئر کی اہم فلمیں قرار دیا گیا ہے، جبکہ ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اور ’دیوداس‘ نے انہیں رومانوی ہیرو کے طور پر دنیا بھر میں شہرت دلائی۔ جریدے کے مطابق بھارت میں ان کے مداح انہیں ’کنگ خان‘ کے نام سے پکارتے ہیں اور وہ آج بھی اپنی مقبولیت اور فلمی بادشاہت سے پوری طرح لطف اندوز ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔

’ورائٹی‘ کی اس فہرست میں ابتدائی دس پوزیشنز حاصل کرنے والے فنکاروں میں مارلن منرو، ہمفری بوگارٹ، چارلی چپلن، جیک نکلسن، کیتھرین ہیپ برن، سڈنی پوئٹیئر، مارلن برانڈو، ٹام کروز، توشیرو میفونے اور باربرا اسٹریسینڈ شامل ہیں۔

دوسری جانب شاہ رخ خان کی آئندہ فلمی مصروفیات میں ایکشن فلم ’کنگ‘ شامل ہے، جو 24 دسمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔ اس فلم کے ذریعے ان کی بیٹی سہانا خان بھی بڑے پردے پر اپنا ڈیبیو کریں گی۔ فلم میں دیپیکا پڈوکون، ابھیشیک بچن اور رانی مکھرجی سمیت دیگر معروف فنکار بھی اہم کرداروں میں دکھائی دیں گے۔