صومالیہ اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سفارتی کشیدگی شدت اختیار کرگئی۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق صومالی وزیر اطلاعات عبدی فتح قاسم محمود نے سرکاری نشریاتی ادارے پر جاری بیان میں کہا کہ کابینہ نے متحدہ عرب امارات کے اقدامات کو ملک کی خودمختاری، سلامتی اور قومی اتحاد پر کھلا حملہ قرار دیا ہے۔
حکومت نے وزارت خارجہ کو ہدایت کی کہ صومالیہ کا مقدمہ عالمی برادری اور بین الاقوامی اداروں کے سامنے پیش کیا جائے۔
وزیر اطلاعات نے خبردار کیا کہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ مل کر ملک کے خلاف اقدامات کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔
کشیدگی کی بنیادی وجہ امارات پر صومالیہ کے اندرونی معاملات میں مداخلت اور وفاقی حکومت کے اختیار سے باہر علاقائی انتظامیہ اور مسلح گروہوں کی حمایت کے الزامات ہیں۔
صدر حسن شیخ محمود نے حال ہی میں امارات پر الزام لگایا تھا کہ وہ صومالی لینڈ، پنٹ لینڈ اور جوبالینڈ کے ساتھ براہ راست تعلقات اور معاہدوں کے ذریعے وفاقی حکومت کی اتھارٹی کمزور کررہا ہے۔
دونوں ملکوں کے تعلقات رواں برس جنوری میں اس وقت مزید خراب ہوئے تھے جب صومالیہ نے امارات کے ساتھ بندرگاہوں، دفاع اور سلامتی سمیت تمام معاہدے منسوخ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
تاہم ان علاقائی انتظامیہ نے وفاقی حکومت کے اس فیصلے کو اپنے علاقوں سے متعلق معاہدوں کے معاملے میں مسترد کردیا تھا۔
اماراتی صدارتی مشیر انور قرقاش نے صومالی صدر کے الزامات کے جواب میں کہا تھا کہ وہ قومی مفادات کے بجائے ذاتی سیاسی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی حکومت کی جانب سے صومالوی حکومت کے اس فیصلے پر باضابطہ ردعمل فوری طور پر سامنے نہیں آیا۔