بچوں کے عالمی دن پر وزیر اعظم کا نونہالان وطن سے شفقت و محبت کا اظہار

بچوں کی آواز سننے والا معاشرہ ہی منصفانہ، جامع اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے، شہباز شریف


عامر الیاس رانا November 20, 2026

اسلام آباد:

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آج بچوں کے عالمی دن پر دنیا بھر اور بالخصوص پاکستانی نونہالِ وطن کے لئے جذبہِ شفقت و محبت کا دِلی اظہار کرتا ہوں۔

وزیراعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق یہ بات وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہی، یہ دن 20 نومبر 2026 کو منایا جا رہا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان آج اس عزم کی تجدیدِ کرتا ہے کہ بچوں کی ذہنی و جسمانی نشونما، علمی و فکری تربیت اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچے قوم کے تابندہ مستقبل کے معمار، قومی تہذیب کے پاسبان اور روایات و اقدار کے امین ہوتے ہیں، بچوں کی آواز سننے والا معاشرہ ہی منصفانہ، جامع اور خوشحال مستقبل کا ضامن ہے۔

 بچوں کے لئے یہ مختص دن اقوام متحدہ کے کنونشن برائے حقوقِ اطفال (یو این سی آر سی) کی منظوری کی یاد میں عالمی سطح پر منایا جاتا ہے، اس سال کا موضوع ”میرا دن، میرے حقوق، میرا مستقبل“ بچوں کی فلاح و بہبود کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔