اسلام آباد:
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعے کی صبح اسلام آباد پولیس کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس (ایس ڈبلیو اے ٹی) فورس کے حوالے 20 نئی گاڑیاں کردیں۔
وزارت داخلہ کے مطابق نئی گاڑیاں ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافے کے لیے فراہم کی گئی ہیں، اس سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے انسپکٹر جنرل کو گاڑیوں کی علامتی چابی پیش کی۔ محسن نقوی نے گاڑیوں کا معائنہ بھی کیا اور ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کے اہلکاروں سے ملاقات کی۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ نئی گاڑیوں سے ایس ڈبلیو اے ٹی فورس کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا، سواٹ فورس کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فرسٹ ریسپونڈر کے طور پر فوری کارروائی کرے گی۔