اسلام آباد:
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے کمسن ملازمہ 13 سالہ فاطمہ اصغر قتل کیس میں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔
خاتون ملزمہ افشاں اور قاری علی کو عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ پراسیکیوٹر واجد منیر، وقاص ہرل اور تفتیشی افسر ندیم مغل عدالت میں پیش ہوئے۔
پراسیکیوٹر واجد منیر نے عدالت کو بتایا کہ الیکٹرک بجلی ملزمہ افشاں جبکہ ڈنڈا ملزم علی سے برآمد ہوگیا ہے، ڈی وی آر فرانزک کے لیے بھجوا دیا گیا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے استفسار کیا کہ ڈی وی آر میں کتنے دنوں کا ڈیٹا موجود ہے؟ تفتیشی افسر ندیم مغل نے بتایا کہ ڈی وی آر میں 7 دنوں کا ڈیٹا موجود تھا۔
پراسیکیوٹر واجد منیر نے بتایا کہ واقعے سے متعلق ویڈیوز بھی موجود ہیں، جس پر جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے استفسار کیا کہ کیا ویڈیوز ریکارڈ کا حصہ بنا دی گئی ہیں؟ ویڈیوز آج ہی عدالت میں جمع کروائیں۔ پراسیکیوٹر نے کہا کہ قاری علی کا کردار جاننے کے لیے پولی گرافک اور وائس میچنگ ٹیسٹ کروانا ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے استفسار کیا کہ بچی کتنے عرصے سے گھر میں رہ رہی تھی؟ گھر کے دیگر ملازمین کے بیانات قلمبند کیے گئے ہیں؟
تفتیشی افسر ندیم عمر نے بتایا کہ ابھی تک گھر کے دیگر ملازمین کے بیانات نہیں لیے گئے۔ پراسیکیوٹر واجد منیر نے سوال اٹھایا کہ بچی کو گھر آکر قاری پڑھاتا ہے لیکن پھر بھی بچی کو مدرسہ کیوں بھیجا گیا؟
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے استفسار کیا کہ بچی کا نادرا سے ریکارڈ حاصل کیا گیا ہے؟ کیا معلوم کیا گیا ہے کہ بچی گھر میں کیوں رہ رہی تھی؟ کیا ڈومیسٹک ورکر کا متعلقہ سیکشن نہیں لگے گا؟
پراسیکیوٹر واجد منیر نے دلائل دیے کہ بچی تین سال سے گھر میں رہ رہی تھی، جسم پر جلنے کے نشانات ہیں، بچی کو الیکٹرک آئرن سے جلایا گیا، اسے ٹارچر کیا گیا، پوسٹ مارٹم رپورٹ پڑھ کر میں خود ہل گیا تھا، جسم پر 20 انجریز ہیں، زخموں کے نشانات پرانے تھے، یعنی بچی کو مسلسل ٹارچر کیا جا رہا تھا۔
پراسیکیوٹر نے مزید دلائل دیے کہ بچی کا علاج بھی نہیں کروایا گیا، اس کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا گیا، سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی بچی کو بار بار مارا جاتا ہوا دیکھا جا سکتا ہے۔
تفتیشی افسر ندیم عمر نے بتایا کہ بچی گھر کے دوسرے بچوں کے ساتھ کھیلتی تھی اور ملزمہ کی والدہ کے کام کرتی تھی، ملزمہ کا شوہر اور بچی کے والد خالہ زاد بھائی ہیں۔
جوڈیشل مجسٹریٹ نائمہ عفت نے استفسار کیا کہ کیا بچی کو باقاعدہ طور پر ملازمہ کے سپرد کیا گیا تھا؟
ملزمہ کے وکیل نے دلائل دیے کہ انکے شوہر اپنے شعبے میں ٹاپر ہیں، ان کے خلاف نفرت کا اظہار کیا جا رہا ہے، پولیس بھی اپنی نفرت نکال رہی ہے، ایسا لگ رہا ہے جیسے ابھی سزائے موت دے دی جائے گی، جسمانی ریمانڈ پر کیس کا ہی فیصلہ سنایا جا رہا ہے۔
وکیل نے دلائل میں کہا کہ جب سب کچھ برآمد ہو چکا ہے تو مزید جسمانی ریمانڈ کی کیا ضرورت ہے؟ یہ ڈومیسٹک وائلنس والا کیس نہیں ہے، بچی کو فیملی ممبر کی طرح گھر میں رکھا ہوا تھا۔
پراسیکیوشن نے دونوں ملزمان کی 4 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی، جس پر عدالت نے جسمانی ریمانڈ کی استدعا پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔