پشاور:
خیبرپختونخوا میں 49 لاکھ سے زائد بچوں کے اسکول سے باہر ہونے پر پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
اسلامی جمعیت طلبہ کے صوبائی ناظم محمد اسفند یار شیخ نے فقیر اللہ اعوان ایڈووکیٹ کی توسط سے درخواست دائر کی جس میں وفاقی و صوبائی حکومتوں اور متعلقہ تعلیمی محکموں کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا کہ مردم شماری 2023 کے مطابق خیبرپختونخوا میں 37.49 فیصد بچے اسکولوں سے باہر ہیں جن میں 29 لاکھ 24 ہزار لڑکیاں اور 19 لاکھ 99 ہزار لڑکے شامل ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ صوبے کے 42 لاکھ 59 ہزار سے زائد بچوں نے کبھی اسکول کا منہ نہیں دیکھا، 6 لاکھ 64 ہزار 831 بچے داخلہ لینے کے بعد تعلیم ادھوری چھوڑ گئے۔
درخواست گزار کے مطابق کوہستان، تورغر اور سابق فاٹا کے اضلاع میں اسکولوں سے باہر بچوں کی شرح بلند ہے، آرٹیکل 25 اے کے تحت 5 سے 16 سال کے بچوں کو مفت تعلیم ریاست کی ذمہ داری ہے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ بچوں کے اندراج اور بحالی کے لیے ٹائم باؤنڈ صوبائی ایکشن پلان نافذ کیا جائے۔ غیر فعال اسکولوں کی بحالی، اساتذہ کی بھرتی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جائے، تعلیمی بجٹ کے شفاف استعمال اور تعمیلی رپورٹس عدالت میں پیش کی جائیں۔