ترک تحقیقی جہاز تیل و گیس کی تلاش کیلیے سندھ و مکران کے سمندر میں سیسمک سروے کریگا

سروے کے نتائج تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ میں معاونت کرینگے، ترک وزیر؛ وزیراعظم کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں شرکت


اسٹاف رپورٹر November 20, 2026

اسلام آباد:

وزیراعظم سے ترک وزیر توانائی نے ملاقات کی اور بتایا کہ ترک تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا، وزیراعظم نے ترک جہاز کی آمد کا خیر مقدم کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکیہ کے وزیر توانائی و قدرتی وسائل الپ ارسلان بائراکتر (Alparslan Bayraktar) اور ترک وفد کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے برادر ملک ترکیہ کے ساتھ تاریخی تعلقات دیرینہ دوستی، باہمی اعتماد، اخوت اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد اور آف شور تیل و گیس کی تلاش کے منصوبے میں بھرپور تعاون پر ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کے مشکور ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں بڑھتے ہوئے تعاون کا خیر مقدم کرتے ہیں، ترکیہ کے تجربے اور تکنیکی مہارت سے استفادہ کرتے ہوئے توانائی کے شعبے میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں، آف شور تیل و گیس کی تلاش کے علاوہ معدنیات اور قابلِ تجدید توانائی کے شعبوں میں بھی دوطرفہ تعاون بڑھانے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی سمندری حدود میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش ملکی توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

ترک وزیر توانائی الپ ارسلان بائراکتر نے پاکستان میں پرتپاک استقبال پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ ترک وزیر نے کہا کہ ترک تحقیقی بحری جہاز اورچ رئیس (Oruc Reis) کی پاکستان آمد سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین توانائی کے شعبے میں تعاون ایک نئے دور میں داخل ہو رہا ہے، ترکیہ اپنی تکنیکی مہارت، سائنسی تجربے اور انجینئرنگ صلاحیتوں کو پاکستان کے ساتھ بروئے کار لانے کے لیے پُرعزم ہے۔

ترک وزیر توانائی نے کہا کہ ترک تحقیقی جہاز ’اورچ رئیس‘ سندھ اور مکران کے سمندری علاقوں میں تیل و گیس کے ممکنہ ذخائر کی تلاش کے لیے تقریباً دو ماہ تک تھری ڈی سیسمک سروے کرے گا، منصوبے کے تحت حاصل ہونے والے سائنسی اعداد و شمار مستقبل میں تیل و گیس کی تلاش اور ڈرلنگ کے امکانات کا تعین کرنے میں معاون ثابت ہوں گے۔

ترکیہ کے وفد میں ترک پارلیمنٹ کے ممبر اور پاکستان-ترکیہ دوستی گروپ کے صدر علی شاہین، ترکیہ کے پاکستان میں سفیر عرفان نذیر اوولو اور ترکیہ کے وزارت توانائی کے اعلیٰ حکام شامل تھے۔

عشایے میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزراء  جنید انور چوہدری، عطاء اللہ تارڑ، علی پرویز ملک، اویس لغاری، مشیر وزیر اعظم محمد علی اور معاونین خصوصی طارق فاطمی، لیفٹینٹ جنرل (ر) محمد ظفر اقبال بھی موجود تھے۔