کراچی میں ملزم کی گرفتاری کیلیے پنجاب سے آئی پولیس پارٹی پر فائرنگ سے اے ایس آئی زخمی، ایک جاں بحق

سائٹ سپر ہائی وے میں قائم خادم سولنگی گوٹھ ملتان سے آئی پولیس پارٹی پر فائرنگ ہوئی جس میں حمزہ نامی شخص جاں بحق ہوا


عامر خان November 20, 2026

کراچی کے علاقے سائٹ سپر ہائی وے میں قائم خادم سولنگی گوٹھ میں ملزم کی گرفتاری کیلیے آئی پنجاب پولیس کی ٹیم پر فائرنگ ہوئی جس میں اے ایس آئی جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق خادم سولنگی گوٹھ میں پنجاب کے شہر ملتان سے آئی پولیس کی پارٹی پر چھاپے کے دوران ملزمان کی جانب سے فائرنگ کی گئی جس میں 1 شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا۔

واقعے کے بعد امدادی رضاکار موقع پر پہنچے لاش اور زخمی کو اسپتال منتقل کیا۔ حکام کے مطابق فائرنگ سے پنجاب پولیس کے اے ایس آئی شدید زخمی ہوئے، پولیس حکام کے مطابق  ملتان پولیس ملزم کی گرفتاری کے لیے پہنچی تھی۔ 

ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت 35 سالہ حمزہ جبکہ زخمی کی شناخت 35 سالہ اصغر کے نام سے ہوئی جو پنجاب پولیس کا اے ایس آئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق پنجاب پولیس کے اے ایس آئی اصغر کو ٹانگ میں گولی لگی اور حالت خطرے سے باہر ہے۔ زخمی پولیس افسر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے واقعے میں 35 سالہ حمزہ نامی شخص جاں بحق ہوا۔