وفاقی اداروں میں بدعنوانی کے امکانات کی نشاندہی کرکے روک تھام کیلئے اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، وزیرقانون

اعظم نذیر تارڑ نے نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنرایبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کی کارکردگی کی جائزہ رپورٹ جاری کردی


خالد محمود November 20, 2026
فوٹو: اسکرین گریب

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنرایبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، 146اصلاحاتی اقدامات 2سال میں مکمل کیے جائیں گے اور  159 اصلاحاتی اقدامات پر 5 سال میں عمل درآمد کیا جائے گا اور رپورٹ میں بدعنوانی کے امکانات کی نشان دہی کرکے ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں۔

وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اسلام آباد، میں دیگر وفاقی وزرا عطا اللہ تارڑ اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے گڈ گورننس اور ادارہ جاتی اصلاحات کے لیے متعدد اقدامات کا آغاز کیا اور اداروں میں بدعنوانی کے امکانات اور انتظامی کمزوریوں کی نشان دہی کے لیے جامع قومی جائزہ مکمل کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل رسک اسیسمنٹ آف کرپشن ولنرایبلٹیز کے تحت وفاقی اداروں کا جائزہ لیا گیا، وزارت قانون و انصاف نےمختلف اداروں کے ساتھ مل کر ایک جامع رپورٹ مرتب کی، یہ رپورٹ کسی ادارے کے خلاف چارج شیٹ نہیں بلکہ اصلاحات اور بہتری کے لیے حفاظتی و انتظامی اقدام ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ رپورٹ کا مقصد وفاقی اداروں میں شفافیت، میرٹ اور بہتر طرز حکمرانی کو یقینی بنانا ہے، رپورٹ میں بدعنوانی کے امکانات کی نشان دہی کرکے ان کی روک تھام کے لیے اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے، قومی جائزے کے تحت 25 وفاقی اداروں کا انتخاب کیا گیا اور 10 اداروں کے بارے میں تفصیلی انڈیکیٹرز مرتب کیے  گئے، آڈٹ رپورٹس، تحقیقاتی اداروں کے ڈیٹا اور ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کو جائزے میں شامل کیا گیا۔

اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ حکومت نے پہلی مرتبہ خود احتسابی کے تحت وفاقی اداروں کی کمزوریوں کی نشان دہی کا جامع عمل شروع کیا، رپورٹ بین الاقوامی اداروں کے ساتھ بھی شیئر کی جائے گی، صوبے بھی اس طریقہ کار سے استفادہ کر سکیں گے، 300سے زائد انڈیکیٹرز کی بنیاد پر اداروں کی کارکردگی، مالیاتی نظام اور انتظامی کمزوریوں کا جائزہ لیا گیا۔

بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی و اصلاحات سے 3500 ارب کی بچت متوقع ہے، وزیر قانون

انہوں نے کہا کہ بجلی کے شعبے میں معاہدوں پر نظرثانی اور اصلاحات سے 3500 ارب روپے کی بچت متوقع ہے، پی آئی اے کی اوپن آکشن اور مسابقتی بولی کے ذریعے نجکاری کا عمل مکمل کیا گیا، غیر ضروری سرکاری اداروں کا حجم کم کرنے کے لیے رائٹ سائزنگ کا عمل جاری ہے، پاک پی ڈبلیو ڈی کو بند کرکے اس کے ملازمین کے لیے پیکج مرتب کیا گیا۔

وزیرقانون نے بتایا کہ پاسکو کی بندش کا عمل جاری ہے، متبادل انتظامات کیے جا رہے ہیں، نوجوانوں اور چھوٹے و درمیانے کاروباروں کے لیے 3200 ارب روپے کا مالیاتی پیکج متعارف کرایا گیا، وزیراعظم خود نوجوانوں اور ایس ایم ایز کے مالیاتی پیکج پر پیش رفت کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ متوسط طبقے کے لیے 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا پروگرام شروع کیا گیا ہے، ایف بی آر میں ٹیکس وصولیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر اصلاحات متعارف کرائی گئی ہیں، گزشتہ 4 سال میں ٹیکس وصولیوں میں تقریباً 4ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا۔

اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ ٹیکس وصولیوں کا حجم 9400 ارب روپے سے بڑھ کر تقریباً ساڑھے 13ہزار ارب روپے تک پہنچ گیا، ٹیکس نظام مزید مضبوط بنانا ہے،کسٹمز میں شکایات کے ازالے کیلئے فیس لیس سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، انسانی مداخلت اور صوابدیدی اختیارات کم  کرنے کے لیے ایف بی آر کے آڈٹ نظام کو ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کا عمل میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر مکمل کیا گیا، ٹیکس ٹربیونلز میں تقرریوں کے لیے وزیراعظم نے اپنا صوابدیدی اختیار چھوڑ دیا، ٹیکس ٹربیونلز کے لیے چیف جسٹس پاکستان، فیڈرل پبلک سروس کمیشن، آزاد مالیاتی ماہرین کی مشاورت سے تقرریاں کی گئیں، ٹیکس ٹربیونلز کی کارکردگی میں بہتری آئی اور بدعنوانی سے متعلق شکایات میں کمی ہوئی۔

ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی، وزیر قانون

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیجیٹل نیشن ایکٹ کے تحت ڈیجیٹل اتھارٹی قائم کی گئی ہے، وفاقی حکومت پیپر لیس نظام پرمنتقل ہو چکی ہے، ای آفس کے ذریعے سرکاری امور انجام دیے جا رہے ہیں، ڈیجیٹائزیشن کے ذریعے کاغذی کارروائی، انسانی صوابدید اور نقد لین دین کا نظام کم کرنا ترجیح ہے۔

وفاقی وزیر قانون نے بتایا کہ ایف بی آر، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، پاکستان ریلوے اور این ایچ اے سمیت متعدد اداروں کاجائزہ لیا گیا، سوئی ناردرن اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں مالیاتی معاملات اور انتظامی کمزوریوں کو بھی جائزے میں شامل کیا گیا ہے لہٰذا اداروں میں اختیارات کے غلط استعمال اور مالیاتی بے ضابطگیوں کی روک تھام کے لیے سخت چیک اینڈ بیلنس ناگزیر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان کی تعداد 37 لاکھ سے بڑھ کر 70 لاکھ تک پہنچ گئی ہے، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں میں 21 لاکھ سے زائد اسمارٹ میٹرز نصب کیے جا چکے ہیں، موٹرویز پر ٹول ٹیکس کی وصولی کا نظام مکمل الیکٹرونک کیا جا رہا ہے، پنشن نظام میں شفافیت کے لیے نادرا کے ذریعے تصدیقی عمل  شروع کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں مستحقین کو ادائیگی کے لیے ڈیجیٹل والٹس متعارف کرائے گئے، سبسڈی کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز کے بجائے ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے ادائیگی  کا نظام متعارف کرایا گیا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے تناظر میں فیول سبسڈی اسکیم کے ذریعے ریلیف فراہم کیا گیا۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ گریڈ 17 اور اوپر کے سرکاری ملازمین کے اثاثوں کے گوشوارے ظاہر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفاقی اداروں میں مجموعی طور پر تقریباً 400 اصلاحاتی اقدامات تجویز کیے گئے ہیں، 146اصلاحاتی اقدامات 2سال میں مکمل کیے جائیں گے اور  159 اصلاحاتی اقدامات پر 5 سال میں عمل درآمد کیا جائے گا۔

91 اصلاحاتی اقدامات طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مشتمل ہیں، وزیرقانون

ان کا کہنا تھا کہ 91اصلاحاتی اقدامات طویل مدتی قانونی اور ادارہ جاتی اصلاحات پر مشتمل ہیں، اصلاحات میں میرٹ پر تقرریاں، ڈیجیٹل نظام کا فروغ اور وفاقی اداروں کے درمیان معلومات کا تبادلہ شامل ہے، سرکاری خریداریوں کے نظام میں شفافیت کے لیے ای پیڈز کے ذریعے نگرانی کا عمل مزید مضبوط بنایا جائے گا، سرکاری اداروں کی ذمہ داریوں کا واضح تعین اور نگرانی کا مؤثر نظام اصلاحاتی پیکج کا حصہ ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم اور وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد اصلاحاتی رپورٹ عوام کے سامنے پیش کی جا رہی ہے، اصلاحاتی اقدامات پر عمل درآمد کی پیش رفت وقتاً فوقتاً عوام کے ساتھ شیئر کی جائے گی، حکومت کمزوریوں کی نشان دہی کے لیے خود احتسابی پر یقین رکھتی ہے۔

غیرضروری اداروں کو بند کیا گیا، وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وزیراعظم نے ہمیشہ خود احتسابی اور شفافیت کو مدنظر رکھا، وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر رسک اسیسمنٹ رپورٹ مرتب کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کے چند ادارے بند کیے گئے، ان اداروں میں بہت زیادہ بدعنوانی تھی، حکومت تمام شعبوں میں شفافیت اور ڈیجیٹائزیشن کے لیے پرعزم ہے۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں انقلابی اقدامات کیے اور غیر ضروری اداروں کو بند کیا گیا، جو اقدامات ڈھائی سال میں کیے گئے اس سے پہلے ان کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی، پاسکو اور یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش شفافیت کی مثال ہے۔