الزامات کی سیاست

سندھ کے وزیروں کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ زیادہ تر وزیر کراچی کے معاملات پر کم ہی بولتے ہیں ،نہ کراچی کی تقریبات میں نظر آتے ہیں


محمد سعید آرائیں November 21, 2026
[email protected]

مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر امتنان اللہ خان کا کہنا ہے کہ (ن) لیگ کا کراچی کی ترقی میں کلیدی کردار ہے ،میاں نواز شریف نے اپنے دور میں کراچی میں امن اور روشنیاں بحال کی تھیں جبکہ حکام کے مطابق معدنیات کی ترسیل کا راستہ گوادر منتقل ہونے کا بھی امکان ہے جس سے کراچی کو نقصان ہی ہوگا۔ ایم کیو ایم نے کراچی سے کشمور تک دھول اڑنے پر سندھ حکومت سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ہے جس کے جواب میں سندھ حکومت کے مقررہ اکیس ترجمانوں میں شامل سعدیہ جاوید نے کہا کہ ایم کیو ایم اپنے ووٹ بینک کی فکر کرے اور وفاقی وزارتوں کے مزے لوٹنے والے پہلے اپنے گھر کا قبلہ درست کریں اور پھر استعفے کی بات کریں کراچی تا کشمور دھول نہیں اڑ رہی بلکہ ایم کیو ایم کی اپنی سیاست کی پرانی گرد اڑ رہی ہے جو ماضی میں شہر کے ماسٹر پلان کے قاتل رہے ہیں وہ ہمیں آج ترقیاتی کاموں پر لیکچر نہ دیں اور یونیورسٹی روڈ کا رونا رونے والے وزرا بتائیں کہ انھوں نے کراچی کو کتنے ارب روپے دیے؟ ترجمان حکومت سندھ نے کہا کہ مصطفیٰ کمال کے دور کے تین سو ارب روپے کا حساب کے ایم سی کی فائلوں میں غائب ہے صبح و شام پریس کانفرنسوں کا شوق پالنے والے اپنے حلقوں میں جا کر عوام کا سامنا کریں۔

 ایم کیو ایم کے ترجمان کے مطابق پیپلز پارٹی مصطفیٰ کمال سے خوفزدہ ہے۔ ایم کیو ایم کے مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت نے 18 سالوں میں کراچی کو ایک قطرہ پانی بھی فراہم نہیں کیا۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی 18سالوں سے قابض ہے جس کی سندھ حکومت نے کچرا اٹھانے کا محکمہ بھی اپنے پاس رکھا ہوا ہے اور کچرا اٹھانے اور فراہمی و نکاسی آب کا کام بھی کراچی کے ٹاؤنوں اور یوسیز کے پاس نہیں ہے حکومت بتائے کہ کراچی کے مسائل کیوں حل نہیں ہو رہے۔

صوبائی دارالحکومت کراچی کے مسائل، سندھ میں مبینہ کرپشن، بیڈ گورننس، ملازمتوں کی فروخت سمیت ایم کیو ایم، جماعت اسلامی جو عوام کی نمایندہ جماعتیں ہیں یہی نہیں بلکہ تحریک انصاف، مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی و دیگر جماعتیں بھی سندھ حکومت کی 18 سالہ کارکردگی پر کڑی تنقید کرتی آئی ہیں جس کا موثر جواب صوبائی وزرا دے رہے ہیں۔ سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب کا تعلق تو کراچی سے ہے جبکہ سندھ حکومت کے جو21 ترجمان ہیں، وہ سرکاری مراعات سے فیض یاب ہو رہے ہیں ،ان میں سے اکثریت حکومت کے مخالفین کے الزامات کا موثر اور درست جواب نہیں دے رہی۔

سندھ کے وزیروں کا تعلق اندرون سندھ سے ہے۔ زیادہ تر وزیر کراچی کے معاملات پر کم ہی بولتے ہیں ،نہ کراچی کی تقریبات میں نظر آتے ہیں۔ کراچی کی بدامنی کا سدباب کرنے اور اسٹریٹ کرائم کی روک تھام میں حکومت کا کردار کمزور ہے۔حکومت سندھ منشیات کے بڑھتے سنگین مسئلے پر ضرور توجہ دے رہی ہے مگر کمی واقع نہیں ہو رہی اور منشیات کراچی ہی نہیں بلکہ پورے سندھ میں شدت اختیار کر چکی ہے۔

کراچی کے سرکاری اسکولوں اور اسپتالوں کی حالت بھی اندرون سندھ سے مختلف نہیں۔ کراچی میں مختلف مسائل پر عوامی احتجاج عام ہیں مگر سندھ خصوصاً کراچی میں جاری مخالفانہ سیاست عروج پر پہنچی ہوئی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ اپنے محکماتی کارکردگی، میئر بلدیہ عظمیٰ کی اور جماعت اسلامی اپنے 9 ٹاؤنز کی کارکردگی ضرور دکھا رہے ہیں پی پی کے 14 تحریک انصاف کے چار ٹاؤنز کی کارکردگی پر خاموش ہے، ایم کیو ایم ارکان کے فنڈز سے ضرور کام ہو رہے ہیں اور صرف الزامات کی سیاست ہی نظر آ رہی ہے۔