پیپلز پارٹی کی موجودہ سیاست مزاحمت کے مقابلے میں مفاہمت کی چلی آ رہی ہے۔ صدر مملکت آصف زرداری سمجھتے ہیں کہ سیاست میں مزاحمت اور ٹکراؤ کے مقابلے میں مفاہمت زیادہ بہتر ہے اور اسی کے ذریعے سیاسی راستہ نکالنا چاہیے۔پیپلز پارٹی نے اسی سیاست کی بنا پر سندھ میں بھی مسلسل حکومت کو قائم رکھا ہے جبکہ وفاق میں بھی وہ ایک اسٹیک ہولڈر کے طور پر موجود ہیں۔آصف علی زرداری نے بڑی مہارت اور سمجھداری سے مفاہمت کی سیاست کو فروغ دیا اور ٹکراؤ کی سیاست سے گریز کیا ہے کیونکہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ ٹکراؤ کی سیاست سے پیپلز پارٹی کو نقصان پہنچے گا اور فایدہ مخالف قوتیں اٹھائیں گی۔صدر آصف علی زرداری کی اس حکمت عملی کو مسلم لیگ ن نے بھی ہمیشہ سراہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ دونوں پارٹیاں اختلافات کے باوجود بڑی سمجھداری سے ایک دوسرے کا ساتھ دے رہی ہیں۔ اسی حکمت عملی کے تحت ہم اس وقت پیپلزپارٹی کو 2008ء کے بعد سے اقتدار کی سیاست سے جڑا دیکھتے ہیں۔اس وقت عملی طور پر دو صوبوں پر ان کی براہ راست حکومت،دو صوبوں پر گورنرز،گلگت بلتستان پر حکومت، چیئرمین سینیٹ اور قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکرکا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے اور مرکز میں ان کے وفاقی حکومت سے معاملات بھی بہتر چل رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی موجودہ حالات میں یہ ہی سمجھتی ہے کہ ہمیںمسلم لیگ ن سے مل کر کام کرنا چاہیے لیکن جب سے ملک میں نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹ کی بحث شروع ہوئی اور اس کو آنے والی28 ویں ترمیم کی بنیاد سے جوڑ کر دیکھا جارہا ہے تو پیپلز پارٹی ایک سخت گیر موقف کے ساتھ سامنے آ رہی ہے۔
مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی دونوں نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹ کے حامی نہیں ہیں لیکن پیپلز پارٹی کے دو ٹوک اور واضح موقف کے مقابلے میں مسلم لیگ ن اور اس کی قیادت کا موقف واضح نہیں اور دیکھنا ہوگا کہ کیا اس معاملہ پر دونوں جماعتوں کا ایک ہی موقف ہوگا یا یہ ایک دوسرے کے موقف کے برعکس کھڑے ہوں گے۔ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی سمجھتے ہیں کہ اس وقت ان کی اپنی اور جماعت کی سیاست سندھ میں ایک مشکل پوزیشن پر ہے۔اگر انھوں نے سندھ کی تقسیم یا نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹ پر ڈٹ کر کھڑے ہونے سے گریز کیا تو ان کو سندھ کی سیاست میں اپنی ہی جماعت کے خلاف سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑے گا جو ان کی سندھ کی انتخابی سطح کی سیاست کو کمزور کرنے کا سبب بنے گا۔اس سے قبل پنجاب میں نئی نہروںکے معاملے میں بھی پیپلز پارٹی کو سخت پوزیشن لینا پڑی۔جس کی وجہ سے نہروں کا منصوبہ ختم ہو گیا۔نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹ کے معاملے میں پیپلز پارٹی کے موقف کی وجہ سے اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ شاید اس وجہ سے پیپلز پارٹی اور مقتدرہ کے درمیان تعلقات اچھے نہیںرہیں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی حالیہ پریس کانفرنس کو بھی بہت سے سیاسی پنڈت اسی بنیاد پر دیکھنے کی کوشش کررہے ہیں۔ ان کے بقول پیپلز پارٹی نے اصولی فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت میں نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹ کی تشکیل پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔دیکھنا یہ ہوگا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی تقریر اور اس کا جارحانہ گفتگو پر مبنی متن اور لب ولہجہ صرف ان کا ہے یا خود آصف علی زرداری بھی ایسا ہی سوچ رہے ہیں۔ ماضی میں بھی بلاول بھٹو نے جارحانہ رویہ اپنایا ہے۔
بلاول بھٹو کی اس پریس کانفرنس کو جہاں بہت سے حلقوں میں بہت پسند کیا گیا اور کچھ لوگوں کو یہ کہتے سنا کہ اس پریس کانفرنس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی گفتگو سے ان کے نانا اور والدہ کی جھلک بھی دیکھنے کو ملی ہے۔اس پر اتفاق کیا جاسکتا ہے لیکن یہ پریس کانفرنس ان کی اپنی ذاتی سوچ کی حامل ہے تو پھر 2022سے 2026تک پارٹی میں تضادات، خاموش رہنا بھی ایسے امور ہیں جن پر پیپلز پارٹی کو جوابدہ ہونا پڑے گا۔کیونکہ پچھلے چار برس کی سیاست میں جو کچھ ہو رہا تھا ،ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ اس وقت پیپلز پارٹی مسلم لیگ ن کے مقابلے میں کسی اصولی موقف کے ساتھ کھڑی ہوتی تو آج قومی سیاست کی شکل مختلف ہوتی۔
کیونکہ آج تک حکومت نے جو کچھ کیا ہے پیپلز پارٹی برابر کی حصہ دار ہے۔کچھ سیاسی پنڈت اسی کو بنیاد بناکر تجزیہ کررہے ہیں یہ جو کچھ بلاول بھٹو نے پریس کانفرنس میں بولا ہے یا اپنے کارکنوں کو پیغام دیا ہے اس کی بنیادی وجہ جمہوریت،آئین اور قانون کی بالادستی کی جنگ کم اور سندھ کی سیاست پر بڑھتا دباؤ ہے۔اگر نئے صوبوں کی تقسیم سمیت نئے انتظامی یونٹ کا معاملہ موخر کردیا جائے تو پیپلزپارٹی اپنے موقف میں تبدیلی بھی کر لے گی اور بلاول صاحب کے لہجے میں بھی نرمی آئے گی۔
اب یوں لگتا ہے کہ اس تقریر کے بعد صدر آصف علی زرداری بڑی حکمت کے ساتھ ان تمام اختلافی معاملات کو حل کرنے کی طرف بڑھیں گے۔وہ یہ بھی سمجھتے ہیں کہ اس مزاحمت کے کھیل میں مسلم لیگ ن ویسے نہیں کھڑی ہوگی جیسے ہم چاہتے ہیں۔وہ مسلم لیگ اور جماعت کی سیاسی مجبوریوں کواچھی طرح سمجھتے ہیں اس لیے وہ سیاسی میدان میںکسی بڑی مہم جوئی کا حصہ نہیں بنیں گے۔یقیناً اس وقت پیپلزپارٹی کی قیادت ایک بڑے امتحان سے گزر رہی ہے اور اسے سندھ کی سیاست بھی قائم رکھنی ہے اور سندھی ردعمل سے بھی بچنا ہے۔ایک طرف اقتدار کی سیاست ہے تو دوسری جانب اپنے اصولی موقف پر سمجھوتہ کرنے یا نہ کرنے کی سیاست سے جڑا سوال ہے۔اگرچہ آصف علی زرداری نے وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے موقف کے برعکس یہ ہی کہا کہ دونوں بڑی جماعتوں نے اب تک باہمی مشاورت سے فیصلے کیے ہیں اور ہم آگے بھی مل کر چلیں گے۔
یہ سوچ ظاہر کرتی ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کسی بڑی سیاسی لڑائی میں نہیں ہیں اور پارٹی کو جہاں بڑے ٹکراؤ کی سیاست سے روکیں گے وہیں وہ ایسا درمیانی راستہ بھی نکالنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے کہ جو ان کی پارٹی اور سندھ کے عوام کو مطمئن کرسکے ۔اس لیے صدر آصف علی زرداری چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی ان حالات میں جارحانہ سیاست کے حامی نہیں۔ یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ بلاول بھٹو نے اپنا سخت گیر موقف پیش کرنے سے قبل صدر مملکت آصف زرداری کو اعتماد میں نہیں لیا تھا۔اسی بنیاد پر محسن نقوی اور وزیر اعظم شہباز شریف کی صدر مملکت آصف زرداری سے ہونے والی ملاقاتوں کو پیدا ہونے والی سیاسی تلخیوں کو کم کرنے کی کوشش کی بنیاد پر دیکھنا ہوگا۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ردعمل کا نہ آنا اور ان کی سیاسی خاموشی کے پیچھے بھی صدر مملکت آصف زرداری کی سیاست ہوسکتی ہے کہ معاملات مزید خراب نہ ہوں۔
اسی طرح بلاول بھٹو کی سخت تقریر پر مجموعی طور پر پارٹی کی جانب سے وہ بیان بازی سامنے نہیں آئی جو آنی چاہیے تھی۔اس کی وجہ یہ بھی ہو سکتی ہے کہ پارٹی کے بڑے نام بلاول بھٹو کے ساتھ ہوں لیکن وہ دیکھتے ہیں کہ صدر آصف علی زرداری کا سیاسی موڈ کیا ہے اوراسی موڈ کی بنیاد پر وہ خود کوایڈجسٹ کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔اس وقت جو فیصلہ سازی کی سطح پر ایک بڑی تکون موجود ہے اس میں صدر آصف علی زرداری،وزیر اعظم شہباز شریف اوروزیر داخلہ محسن نقوی ہیں اور اگر اس تکون میں اختلافات پیدا ہوتے ہیں تو پھر موجودہ سیاسی بندوبست بھی ڈانواڈول ہونے کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔اس لیے یہ دیکھنا ہوگا کہ اب مجوزہ نئے کھیل میں کون سی جماعت یا فریق کس پوزیشن کے ساتھ اپنی سیاسی اننگز کھیلتے ہیں اور اس کھیل میں بلاول بھٹو کا جارحانہ انداز کس حد تک سیاسی برتری حاصل کرے گا۔
جیسے جیسے نئے صوبوں یا انتظامی یونٹ اور ریفرنڈم کی بحث آگے بڑھتی جائے گی اور جس کے کچھ خدوخال میڈیا کی سطح پر زیر بحث ہیں اس میں یقیناً پیپلزپارٹی اور آصف علی زرداری ہی کا کردار اہمیت رکھتا ہے۔ جہاں تک بلاول بھٹو کا تعلق ہے ان سے نمٹنے کی حکمت عملی یقینا صدر مملکت آصف زرداری کے پاس ہوگی کہ وہ ان کے مزاحمتی انداز کو مفاہمت کے انداز میں کیسے بدلتے ہیں یا پھر وہ خود بلاول بھٹو کے ساتھ مل کر مزاحمت کی سیاست کا فیصلہ کرتے ہیں،جس کے امکانات محدود یا کم نظر آتے ہیں۔
بہرحال سیاست میں ایک گرما گرمی کا ماحول نظر آ رہا ہے لیکن عملی صورت حال یہی ہے کہ اتحادی حکومت پرسکون نظر آتی ہے‘ موجودہ سیاسی سیٹ اپ میں تبدیلی کے امکانات کم ہیں کیونکہ پی ٹی آئی کی جو پوزیشن ہے وہ اس قابل نہیں کہ وہ اس سیاسی تلاطم سے فایدہ اٹھا سکے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ مستقبل میں سیاسی منظرنامے کا رنگ کیا ہوتا ہے۔