راولپنڈی:
راولپنڈی پولیس میں مبینہ جعلی ای میل اور PER لاگ اِن کے ذریعے افسران کی سالانہ خفیہ رپورٹس (ACRs) مکمل کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
معاملے کی اعلیٰ سطحی انکوائری کے بعد تین پولیس اہلکاروں کے خلاف تھانہ سول لائنز میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق سابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن کے نام سے مبینہ جعلی ای میل اور PER لاگ اِن بنایا گیا، جس کے ذریعے JPOS اور SPOS افسران کی متعدد ACRs اور PERs مکمل کروائی جاتی رہیں۔ اس مقصد کے لیے سابق ایس ایس پی کا شناختی کارڈ نمبر اور دستخطوں کے نمونے بھی مبینہ طور پر استعمال کیے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مبینہ جعلی ای میل پر موصول ہونے والے ون ٹائم پاس ورڈ (OTP) کے پیغامات بھی کمپیوٹر آپریٹر کو موصول ہوتے رہے، جبکہ سابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن کو جعلی ای میل اور لاگ اِن کے بارے میں آگاہ نہیں کیا گیا، انکوائری رپورٹ میں CRC برانچ کے کمپیوٹر آپریٹر محمد شہزاد، سابق پی اے حارث علی اور CRC برانچ کے انچارج شبیر احمد کو مبینہ طور پر قصوروار قرار دیا گیا ہے۔
تینوں اہلکاروں کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 420، 468، 471 اور پولیس آرڈر 2002 کی دفعہ 155 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ تاہم انکوائری میں HRMIS برانچ کے اہلکار محمد نزاکت کا کوئی منفی کردار سامنے نہیں آیا۔
پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ دیگر ممکنہ ملوث افراد کے کردار کا تعین بھی دوران تفتیش کیا جائے گا۔