یوکرین مذاکرات میں یورپ کو مکمل کردار دینے کا مطالبہ، فرانس نے ماسکو جانے پر آمادگی ظاہر کردی

یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے دورۂ برلن کے دوران یورپی رہنماؤں کے ماسکو جانے کو غلطی قرار دیا


ویب ڈیسک November 21, 2026

پیرس: فرانس نے کہا ہے کہ یورپی رہنما یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات میں مکمل کردار ملنے کی صورت میں روس کے دارالحکومت ماسکو جانے کے لیے تیار ہیں۔ یہ بیان روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کی جانب سے یورپی رہنماؤں کو مذاکرات کے لیے ماسکو آنے کی دعوت دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے ایک مشیر نے صحافیوں کو بتایا کہ روس کی جانب سے بات چیت کو باضابطہ شکل دینے کی پیشکش مثبت ہے، تاہم یورپی ممالک یہ یقینی بنانا چاہتے ہیں کہ ان کا مؤقف یوکرین اور امریکا کے مؤقف سے ہم آہنگ ہو۔

مشیر کا کہنا تھا کہ ماضی کے تجربات کی روشنی میں اس بات کی تصدیق ضروری ہے کہ مذاکرات میں شامل فریق ایک ہی مؤقف رکھتے ہیں اور ان کے درمیان اتفاقِ رائے موجود ہے۔

یہ پیش رفت چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور چینی صدر شی جن پنگ کی غیر معمولی سربراہی ملاقات کے بعد سامنے آئی۔

پیوٹن نے کہا تھا کہ روس نے یورپی رہنماؤں کو ماسکو آنے کی دعوت دی ہے تاکہ ان کا مؤقف سنا جاسکے۔ اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ انہیں یوکرین سے متعلق مذاکرات میں شامل کیا جائے یا نہیں۔

دوسری جانب یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی نے اپنے دورۂ برلن کے دوران یورپی رہنماؤں کے ماسکو جانے کو غلطی قرار دیا، تاہم انہوں نے مطالبہ کیا کہ یورپ کو تیسرے ممالک میں ہونے والے مذاکرات میں ضرور شامل کیا جائے۔

سفارتی پیش رفت کے ساتھ یوکرین میں روسی حملوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ حکام کے مطابق روس نے رات بھر میزائلوں اور ڈرونز سے حملے کیے، جن میں کیف، لویو، زاپوریژیا اور خارکیف کے علاقے متاثر ہوئے۔

کیف کے میئر ویتالی کلِچکو کے مطابق دارالحکومت میں کم از کم تین افراد ہلاک اور 15 زخمی ہوئے۔ شہر میں بجلی کی فراہمی بھی متاثر ہوئی، جبکہ دریائے دنیپرو پر قائم تین پلوں کو نقصان پہنچا۔

لویو کے گورنر کے مطابق شہر کے مضافات میں مسافر ٹرین اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں دو افراد ہلاک ہوئے، جبکہ زاپوریژیا کے علاقے میں بھی ایک شخص جان سے گیا۔ شمال مشرقی شہر خارکیف میں ایک اسپتال کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاع ہے۔

روسی فوج نے حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے انہیں بڑے پیمانے کی کارروائی قرار دیا۔ ماسکو کے مطابق میزائلوں اور ڈرونز کے ذریعے مختلف علاقوں میں فوجی صنعتی مراکز اور نقل و حمل کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا۔

چین میں ٹرمپ اور شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد پیوٹن نے کہا تھا کہ یوکرین کی جانب سے کریمیا کے پل پر حملے کے جواب میں روسی کارروائیاں مزید سخت ہوں گی۔ ان کے مطابق روس کا جواب ’’زیادہ تکلیف دہ‘‘ ہوگا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیوٹن سفارتی طریقے سے جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں۔ ٹرمپ کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات میں پیش رفت کے امکانات موجود ہیں اور معاہدہ طے پانے کا حقیقی موقع ہے۔

ٹرمپ نے جنگ کے خاتمے میں رکاوٹ کی وجہ پیوٹن اور زیلنسکی کے درمیان شدید اختلافات اور باہمی نفرت کو قرار دیا۔ یوکرین کے لیے جنگ کے بعد سکیورٹی ضمانتوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پہلے امن معاہدہ ہونا ضروری ہے، اس کے بعد امریکا کے کردار پر بات کی جاسکتی ہے۔