واشنگٹن: امریکا نے ایران کے تیل کی بیرون ملک فروخت اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کی منتقلی میں مبینہ طور پر مدد فراہم کرنے والے ایرانی تاجروں اور حکومت سے منسلک سہولت کاروں پر نئی پابندیاں عائد کردی ہیں۔
خبر رساں ادارے انادولو کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ نے کہا ہے کہ یہ کارروائی ’’آپریشن اکنامک آؤٹ کاسٹ‘‘ کا حصہ ہے۔
واشنگٹن کا الزام ہے کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور نیٹ ورکس ایران کو بیرون ملک تیل فروخت کرنے اور اس سے حاصل ہونے والی رقم اپنے پاس رکھنے میں مدد دے رہے تھے۔
امریکی محکمہ خزانہ کے مطابق یہ پابندیاں دو صدارتی احکامات کے تحت عائد کی گئی ہیں۔ ان میں سے ایک حکم ایران کے پیٹرولیم، پیٹروکیمیکل اور ہوا بازی کے شعبوں کو ہدف بناتا ہے، جبکہ دوسرا انسدادِ دہشت گردی سے متعلق اختیارات کے تحت پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔
امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے نئی پابندیوں کا دفاع کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایرانی حکومت اپنے شہریوں کے مفادات کے بجائے اپنے اقتدار اور مفادات کو ترجیح دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عام ایرانی شہری روٹی اور ایندھن کی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت تیل کی فروخت سے حاصل ہونے والی آمدنی کے انتظام میں مصروف ہے۔
بیسنٹ نے دعویٰ کیا کہ ایران کا سمندر کے ذریعے تیل کی ترسیل کا ذخیرہ ختم ہوچکا ہے اور ممکن ہے کہ تہران کو پہلے فروخت کیے گئے تیل کی آمدنی بھی حاصل نہ ہوسکے۔ انہوں نے ایرانی حکومت کی معاشی صورت حال کو ڈوبتے ہوئے جہاز سے تشبیہ دی۔