اسلام آباد:
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ محفوظ ڈیٹا شیئرنگ بہتر منصوبہ بندی اور باخبر پالیسی سازی کے لیے ناگزیر ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ادارۂ شماریات (پی بی ایس) کے ہیڈکوارٹرزاسلام آباد میں قائم نیشنل سینسس کوآرڈینیشن سینٹر میں اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان ادارۂ شماریات شواہد پر مبنی فیصلہ سازی کے لیے مکمل معاونت فراہم کرے گا اور دیگر اداروں کے دستیاب ڈیٹا کو اپنے اعداد و شمار کے ساتھ مربوط کرتے ہوئے این ٹی سی کے ذریعے محفوظ ڈیٹا شیئرنگ کے نظام کے تحت ڈیجیٹل سہولیات اور قابلِ عمل معلومات فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، بشرطیکہ تمام متعلقہ اداروں کے قانونی اور پالیسی تقاضوں کی مکمل پاسداری کی جائے۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق اجلاس میں پاکستان ادارۂ شماریات اور مختلف وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور سرکاری اداروں کے درمیان ڈیٹا کے تبادلے کے لیے ایک مؤثر، مربوط اور محفوظ نظام وضع کرنے پر غور کیا گیا۔