پشاور:
وفاقی وزیر مواصلات نے پشاور میں این ایچ اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اجلاس کی صدارت کی اور پودا لگایا۔ اس موقع پر انہوں نے خیبر پختونخوا کے منصوبوں سے متعلق اہم فیصلے کیے۔
عبدالعلیم خان نے پشاور نادرن بائی پاس منصوبے میں 20 سال کی تاخیر پر سخت ریمارکس دیے۔ انہوں نے کہا کہ پشاور میں بائی پاس جیسے اہم ترین منصوبے کو مکمل ہونے میں 20 سال لگنا تشویشناک ہے۔ اب این ایچ اے نے 5 ارب روپے دیے ہیں تو اب یہ منصوبہ مکمل ہونے جا رہا ہے۔ این ایچ اے کے اپنے وسائل میں اضافہ ہوا ہے تو منصوبے بھی مکمل ہونا شروع ہوگئے ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ حکومتی فنڈنگ اور ’من و سلویٰ‘ کے لیے 20 سال انتظار کس کا نقصان ہے؟ جہاں نئے ٹول پلازے لگیں گے، وہاں مزید نئی سڑکیں بھی بنیں گی۔ شاہراہوں پر ٹول لگے گا تو مسافروں کو ریسٹ ایریاز کی سہولیات بھی دینا ہوں گی۔ اگر شہریوں کو فائدہ نہیں ملتا تو پھر ٹول ٹیکس لینے کا بھی کوئی جواز نہیں۔
وفاقی وزیر مواصلات کے مطابق لوگوں کو محسوس بھی ہونا چاہیے کہ این ایچ اے ان کی سہولت کے لیے کام کر رہا ہے۔ شاہراہ اچھی اور ریسٹ ایریاز بہترین ہوں گے تو لوگ بخوشی ٹول ٹیکس بھی دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خود احتسابی بھی کرنا ہے، منصوبوں میں 20 سال کا التوا نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے پشاور نادرن بائی پاس منصوبے میں طویل تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔
اس موقع پر اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پشاور نادرن بائی پاس منصوبے کا آغاز 2009 میں ہوا تھا، جبکہ 2017 میں اسے ری ڈیزائن کیا گیا۔ منصوبے سے متعلق تفصیلات وفاقی وزیر مواصلات کو پیش کی گئیں۔
سینئر افسران نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو یقین دہانی کرائی کہ پشاور نادرن بائی پاس منصوبے کا 85 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور یہ جنوری میں مکمل طور پر کھول دیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات اور چیئرمین این ایچ اے نے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو منصوبے اور این ایچ اے خیبر پختونخوا سے متعلق بریفنگ دی۔