پشاور:
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال صوابی کے 113 بستروں پر مشتمل نئے بلاک کا افتتاح کردیا۔
اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر اور محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ 10 سال بعد ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال صوابی کا نیا بلاک تعمیر کیا گیا ہے، صحت کا شعبہ صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور کوشش ہے کہ صوبے کے عوام کو علاج معالجے کے لیے دوسرے صوبوں کا رخ نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ نئے اسپتالوں کی تعمیر اور موجودہ اسپتالوں میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، جبکہ نامکمل ترقیاتی منصوبوں کو فعال اور مکمل کرنے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سابقہ حکومتوں کے عوامی مفاد کے حامل منصوبوں کو بھی پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔
گورنر نے اسپتال انتظامیہ کو مسجد کی تعمیر فوری شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا اور صوبے کو ترقی یافتہ و خوشحال بنانا حکومت کے عزم کا حصہ ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ نوجوانوں کے لیے نئے منصوبوں کا آغاز اور انہیں بہتر مواقع فراہم کرنا ترجیحات میں شامل ہے، صوابی میں بین الاقوامی معیار کا اسپورٹس گراؤنڈ تعمیر کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کا خاتمہ اور پائیدار امن کا قیام بھی ناگزیر ہے۔
اس موقع پر مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے ہسپتال کے نئے بلاک کو صوابی کے عوام کے لیے اہم تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کی تکمیل سے شہریوں کو اپنے ضلع میں بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔ صوابی میں صحت کی مزید سہولیات کی فراہمی اور صوبے میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔