امام الحق کی یارکشائر میں واپسی، 2027 کے پورے سیزن کے لیے معاہدہ طے

امام الحق آئندہ سیزن میں کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ دونوں مقابلوں میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے


اسپورٹس ڈیسک November 21, 2026

پاکستانی اوپننگ بیٹر امام الحق 2027 کے کرکٹ سیزن میں انگلش کاؤنٹی کلب یارکشائر کی نمائندگی کریں گے۔

یارکشائر کلب نے امام الحق کی واپسی کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ وہ پورے سیزن کے لیے دستیاب ہوں گے۔

30 سالہ امام الحق 2025 کے ون ڈے کپ میں یارکشائر کی جانب سے شاندار کارکردگی دکھا چکے ہیں جہاں انہوں نے صرف 8 لسٹ اے میچز میں 4 سنچریز اور 98.28 کی اوسط سے رنز بنائے تھے۔

امام الحق آئندہ سیزن میں کاؤنٹی چیمپئن شپ اور ون ڈے کپ دونوں مقابلوں میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔

انہوں نے واپسی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یارکشائر ان کے لیے ہمیشہ ایک خاص مقام رہا ہے اور وہ اگلے سیزن میں ٹیم کی کامیابی میں بھرپور کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

یارکشائر کے جنرل منیجر کرکٹ گیون ہیملٹن نے بھی امام الحق کی واپسی کو خوش آئند قرار دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی بیٹر نے گزشتہ سیزن میں اپنی شاندار بیٹنگ سے ٹیم کو ون ڈے کپ کے اہم مرحلے تک پہنچانے میں نمایاں کردار ادا کیا تھا۔

واضح رہے کہ امام الحق کے چچا اور سابق پاکستانی کپتان انضمام الحق بھی ماضی میں یارکشائر کی نمائندگی کر چکے ہیں۔