ہیری بروک کا شاندار اقدام، گیند لگنے سے زخمی ننھے آسٹریلوی مداح کو خصوصی تحفہ دے دیا

ہیری بروک نے 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 65 رنز بنائے


قاسم نقوی November 21, 2026

انگلش کرکٹر ہیری بروک نے کھیل کے میدان میں بہترین کارکردگی کے ساتھ انسانیت اور رحم دلی کے بہترین جذبے کا بھی مظاہرہ کردیا۔

میلبرن میں کھیلے جارہے آسٹریلیا کے خلاف پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں دو اور تین رنز پر مواقع ملنے کے بعد ہیری بروک نے آسٹریلوی بولرز کی دھلائی کردی۔

انہوں نے صرف 20 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی اور 6 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 28 گیندوں پر 65 رنز بنائے۔

اس دوران بروک نے ایک چھکا لگایا تو گیند اسٹینڈز میں موجود ننھے آسٹریلوی مداح کو جا لگی جس کے بعد انگلش بیٹر نے اس کی دلجوئی کے لیے اپنے بیٹنگ گلوز اسے تحفے میں دے دیے۔

ہیری بروک کے اس اقدام کو شائقین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

ان کے اس رویے نے ثابت کیا کہ کھیل صرف مقابلے اور جیت کا نام نہیں بلکہ کھلاڑیوں کا اپنے مداحوں کے ساتھ اچھا برتاؤ بھی اہمیت رکھتا ہے۔