معروف گلوکارہ شازیہ منظور پر مبینہ تشدد اور دھمکیاں دینے کے مقدمے میں لاہور کی سیشن کورٹ نے نامزد ملزمان کو عبوری ضمانت دے دی ہے۔
کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ ہنجرا نے کی، جہاں محمد نعمان، محمد سہیل اقبال اور دیگر ملزمان کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔ عدالت نے درخواستیں منظور کرتے ہوئے مزید سماعت ایک ہفتے کے لیے ملتوی کردی۔
ملزمان کے خلاف تھانہ ملت پارک میں مقدمہ درج ہے۔ مقدمے کے پس منظر میں گلوکارہ کے گھر پر مسلح افراد کا مبینہ حملہ بتایا جاتا ہے۔ شازیہ منظور نے اپنے وکیل ایڈووکیٹ فیاض رامے کے ذریعے پولیس کو درخواست دی تھی، جس میں واقعے کے ذمہ دار قرار دیے گئے افراد کو نامزد کیا گیا تھا۔
گلوکارہ نے اپنے مؤقف میں الزام عائد کیا تھا کہ مسلح افراد نے انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔ انہوں نے پولیس سے تحفظ فراہم کرنے اور نامزد ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔