نئی دہلی؛ ایس سی او تہذیبی مکالمہ، مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیبوں کا دشمن قرار دے دیا

تہذیب کو آج ایک نئے خطرے کا سامنا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی ہے، مصدق ملک


فوٹو: اسکرین گریب/اے آئی

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی تہذیبوں کی دشمن ہے۔

نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں منعقدہ ایس سی او تہذیبی مکالمے میں وفاقی وزیر مصدق ملک نے اردو میں خطاب کیا اور کہا کہ بڑا عجیب سا لگا غالب کی قبر سے چند کوس دور یہاں بیٹھ کر انگریزی میں بات کر رہا ہوں، جی یہی سمایا کہ میں اپنے دل کی آواز اردو میں بات کروں، کیسی عجیب بات ہے غالب کے دادا حضور سمرقند سے تشریف لائے تھے اور یہاں دفن ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ غالب جو اپنے آپ کو فارسی کا بہت بڑا شاعر سمجھتے تھے لیکن دنیا انہیں اردو کی وجہ سے پہچانتی ہے اور دہلی نے کہا کہ ہیں اور بھی دنیا میں سخن ور بہت اچھے، کہتے ہیں غالب کا ہے انداز بیاں اور میں یہی اسپرٹ لے کر میں یہاں حاضر ہوا ہے، آوازیں بہت سے ہیں، بہت سے شعرا ہیں، دہلی تو شاعری کا گڑھ رہا ہے، لکھنو، دہلی اور لاہور بھی ادب، شاعری اور تہذیب کے گڑھ ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج ہم سب یہاں اکٹھے ہوئے ہیں سب اپنی اپنی آواز اور شناخت لے کر آئے ہیں پر کہتے ہیں غالب انداز بیاں اور ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ دہلی باہر سے آنے والی تہذیبوں اور لوگوں سے کم نہیں ہوا بلکہ اس سے مضبوط ہوا ہے، یہ قلعہ، جس میں آج ہم بیٹھے ہیں، خود ایک کہانی ہے، اس قلعے کی بنیاد ہمایوں نے رکھی، جن کا تعلق تیموری خاندان سے تھا اور جو وسطی ایشیا سے آئے تھے اور اس کی تکمیل شیر شاہ سوری نے کی جو افغانستان سے آئے تھے یعنی ایک دیوار دو حریف، یعنی دو حکمران ایک قلعہ، یعنی دو لیئرز اور ایک ٹرینچ تو یہ جو تنوع ہے اسی کو منانے کے لیے ہمیں آپ نے بلایا یعنی تہذیبی مکالمہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکالمہ تو تنوع کے درمیان ہوتا ہے اور ہم یہی مکالمہ کرنے آئے ہیں، بہت سی آوازیں، بہت سی شناختیں اور ان کا مکالمہ، ان کے درمیان آزادانہ تبادلہ خیال، آزادانہ خیالات کا تبادلہ اور تصورات کے تبادلے میں ہی دانش مندی ہے اور اسی کو اپنانے اور سجانے میں دانش ہے اور اس کے لیے حوصلہ بھی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کو بہت سے زاویوں سے دیکھتے ہیں، ہمارے پیروں کے نیچے انڈس اور گندھارا ہے، بدھ آرٹ شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا ہے، اسلام آباد کے قریب ٹیکسلا ہے وہ علم کی بنیاد ہے جہاں سے سوچ کا آغاز ہوا، ہماری مٹی میں پوری تہذیب سموئی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہ جب ہم تاریخ دیکھتے ہیں تو ہمارے تمام راستے شمال کی جانب جاتے ہیں، بخارا، سمرقند، وسطی ایشیا اور افغانستان پوری تاریخ ہمیں شمال کی طرف لے جاتی ہے، جب ہم اپنی شاعری کی بات کرتے ہیں مشرق وسطیٰ اور ایران کی طرف کھنچے چلے جاتے ہیں، اسی آمیزش کا مرکب ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم تو دروازہ کھولے بیٹھے ہیں کہ یہ تو اللہ کا دیا ہوا خزانہ ہے، تاریخ کا دیا ہوا خزانہ ہے اور یہ تمام انسانیت کے لیے جو اس سے مستفید ہونا چاہیے آئے اور استفادہ کرے۔

مصدق ملک نے کہا کہ تہذیب کو آج ایک نئے خطرے کا سامنا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی ہے، موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔

بھارت کا 2023 کے بعد دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں دیگر ممالک کے وفود کے ساتھ بھی اہم ملاقاتیں کیں، ایرانی تنظیم برائے ثقافت و تعلقات کے صدر ڈاکٹر محمد مہدی ایمان پور اور تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون امون زادہ سے الگ الگ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، ثقافتی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔