گوگل سرچ ہوم پیج میں بڑی تبدیلی، اے آئی فیچرز نمایاں

گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس تبدیلی کی تصدیق کی


ویب ڈیسک November 21, 2026

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے سرچ انجن کے ہوم پیج کو جدید مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فیچرز سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نیا ڈیزائن متعارف کرا دیا ہے جس کے تحت صارفین کو اب سرچ بار کے نیچے مختلف اے آئی ٹولز تک براہِ راست رسائی حاصل ہوگی۔

ٹیکنالوجی رپورٹس کے مطابق گوگل گزشتہ چند ہفتوں سے ڈیسک ٹاپ سرچ ہوم پیج کے نئے ڈیزائن کی آزمائش کر رہا تھا، جسے کامیاب تجربے کے بعد اب باضابطہ طور پر متعارف کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

گوگل سرچ کے نائب صدر روبی اسٹین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ نیا ڈیزائن صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔

نئے ہوم پیج میں سرچ بار کے نیچے اے آئی سے متعلق کئی نئے بٹن شامل کیے گئے ہیں، جن میں تصاویر بنانے، فائلز کا تجزیہ کرنے اور گوگل کے اے آئی اسسٹنٹ جیمینائی کی مدد سے نئے خیالات پر کام کرنے کے آپشنز شامل ہیں۔

اس تبدیلی کے تحت گوگل نے اپنے روایتی سرچ بٹن کو بھی ہٹا دیا ہے، جو پہلے I'm Feeling Lucky بٹن کے ساتھ موجود ہوتا تھا۔ البتہ، I'm Feeling Lucky کا آپشن بدستور برقرار رکھا گیا ہے۔

اس نئے ڈیزائن سے ظاہر ہوتا ہے کہ گوگل اپنے روایتی سرچ انجن کو بتدریج اے آئی پر مبنی پلیٹ فارم میں تبدیل کرنے کی جانب بڑھ رہا ہے جہاں صارفین صرف معلومات تلاش کرنے کے بجائے تصاویر بنانے، فائلز سمجھنے اور مختلف موضوعات پر اے آئی سے گفتگو بھی کر سکیں گے۔