آسٹریلیا کے سابق ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین نے ایک بار پھر 2018 میں جنوبی افریقا کےخلاف سیریز کے دوران گیند کو پرانا کرنے کے لیے سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
واقعے میں سزا پانے والے کیمرون بینکرافٹ نے اپنے چار ہزار الفاظ پر مشتمل ایک تفصیلی مضمون اس متعلق انکشافات کیے ہیں۔
بینکرافٹ کے مطابق پورٹ الزبتھ ٹیسٹ کے دوسرے روز چائے کے وقفے کے دوران ہونے والی گفتگو میں بولنگ کوچ ڈیوڈ ساکر اور ہیڈ کوچ ڈیرن لی مین بھی موجود تھے جبکہ دیگر کھلاڑی بھی آتے جاتے رہے۔
اس حوالے سے بات کرتے ہوئے سابق کوچ نے دوٹوک انداز میں کہاکہ انہیں اس بارے میں کچھ معلوم نہیں تھا۔ ظاہر ہے کہ سینڈ پیپر استعمال کیا گیا تھا۔
چائے کے وقفے کے دوران مبینہ گفتگو میں اپنی موجودگی کے حوالے سے سوال پر ڈیرن لی مین نے کہا کہ انہیں یاد نہیں کہ وہ اس گفتگو میں موجود تھے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مجھے اس گفتگو میں اپنی موجودگی یاد نہیں لیکن اس واقعے کو ساڑھے آٹھ سال گزر چکے ہیں۔ اس بارے میں آپ کو ان لوگوں سے پوچھنا چاہیے جو وہاں موجود تھے۔ مسئلہ یہی ہے کہ ان کا اپنا مؤقف ہے اور وہ اس پر قائم ہیں۔
ڈیرن لی مین نے اپنے ردعمل میں کہا کہ بعض لوگوں کا خیال تھا کہ انہیں اس واقعے کی وجہ سے کچھ نہیں کھونا پڑا حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ انہوں نے دنیا کی بہترین ملازمت کھو دی۔
ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا اس پر ان کو افسوس ہے۔ لوگ جانتے ہیں کہ اس معاملے سے ہر کوئی دکھی ہے اور ہمیں اس صورتحال سے نکلنے کا کوئی راستہ تلاش کرنا ہوگا۔
بینکرافٹ نے اپنے مضمون میں لکھا کہ آسٹریلوی ٹیم اس وقت شدید دباؤ کا شکار تھی اور اسی ماحول میں ڈیوڈ وارنر نے گیند کے ایک حصے کو کھردرا کرنے کے لیے سینڈ پیپر استعمال کرنے کی تجویز پیش کی تھی۔
ان انکشافات کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرینبرگ نے موجودہ صورتحال کو کھیل کے لیے انتہائی نقصان دہ قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ 2018 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن ٹیسٹ کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں کی جانب سے بال ٹیمپرنگ کا واقعہ سامنے آیا تھا جس کے بعد اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔