کاویا مرن نے شادی کی تقریب سے پہلے ملازمین میں سونے کی انگوٹھیاں بانٹ دیں

ملازمین کو تحفے کے ڈبے پیش کیے گئے، جن میں دعوت نامے، چاکلیٹس اور سونے کی انگوٹھیاں شامل تھیں


ویب ڈیسک November 21, 2026

سن رائزرز حیدرآباد کی شریک مالک کاویا مارن ایک بار پھر خبروں میں ہیں، تاہم اس مرتبہ وجہ ان کی شادی کے سلسلے میں ملازمین کے لیے مبینہ طور پر خصوصی تحائف ہیں۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں سن گروپ کے ملازمین کو سونے کی انگوٹھیاں وصول کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

یہ تحائف معروف موسیقار انیرودھ روی چندر کے ساتھ کاویا مرن کی شادی کی تقریبات کے سلسلے میں دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ایکس پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے مطابق ملازمین کو تحفے کے ڈبے پیش کیے گئے، جن میں دعوت نامے، چاکلیٹس اور سونے کی انگوٹھیاں شامل تھیں۔

ویڈیو میں ایک ملازم حیرت کا اظہار کرتے ہوئے بتاتا ہے کہ انہیں توقع تھی کہ تحفے میں سونے کے سکے ملیں گے، لیکن اس کے بجائے انہیں سونے کی انگوٹھیاں دی گئی ہیں۔ ڈبے میں موجود دعوت نامے پر 25 نومبر کو ظہرانے کا ذکر بھی درج ہے۔

تاہم یہ واضح نہیں کہ 25 نومبر کی تقریب سن گروپ کے ملازمین کے لیے الگ سے منعقد کی جارہی ہے یا اس کا تعلق شادی کی دیگر تقریبات سے ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جوڑے کی بڑی استقبالیہ تقریب 21 نومبر کو چنئی میں منعقد ہونے کی خبریں سامنے آئی ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے اس مبینہ اقدام کو سراہتے ہوئے کاویا مارن اور مارن خاندان کی فیاضی کی تعریف کی ہے۔ اگرچہ ویڈیو میں ایک ملازم سونے کی انگوٹھی ملنے کی تصدیق کرتا دکھائی دیتا ہے، لیکن انگوٹھی کا وزن اور مالیت معلوم نہیں ہوسکی۔ سن گروپ کی جانب سے یہ بھی نہیں بتایا گیا کہ کتنے ملازمین کو یہ تحائف دیے گئے ہیں۔

چنئی میں ستاروں سے سجی استقبالیہ تقریب

کاویا مارن اور انیرودھ روی چندر کی شادی کی استقبالیہ تقریب ہفتہ 21 نومبر کو چنئی میں منعقد ہونے کی توقع ہے۔ دونوں نے 11 نومبر کو یونان میں ایک شاندار تقریب کے دوران شادی کی تھی، جس میں سپر اسٹار رجنی کانت اور تامل ناڈو کے سابق وزیراعلیٰ ایم کے اسٹالن سمیت متعدد معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔

چنئی میں ہونے والی تقریب میں کرکٹ، فلم، کاروبار اور سیاست سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔ جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین بھی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ چنئی پہنچ چکے ہیں اور ان کی تقریب میں شرکت کا امکان ہے۔ ڈیل اسٹین سن رائزرز حیدرآباد کی جانب سے کھیلنے کے علاوہ ٹیم کے بولنگ کوچ بھی رہ چکے ہیں اور فرنچائز کے ساتھ ان کا تعلق برقرار ہے۔

رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اور جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار شاہ رخ خان، کمل ہاسن، الو ارجن اور اجیت کمار کو بھی مدعو کیا گیا ہے، تاہم ان کی شرکت کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔

کاویا مارن انڈین پریمیئر لیگ میں ایک نمایاں شخصیت سمجھی جاتی ہیں، اسی لیے ان کی شادی کی تقریبات کرکٹ شائقین کی توجہ بھی حاصل کررہی ہیں۔ ملازمین کو سونے کی انگوٹھیاں دیے جانے کی وائرل ویڈیوز نے اس مشہور شادی کو مزید خبروں کا موضوع بنا دیا ہے۔