لفظ ’’جواب دہ‘‘ کے معنی ہیں ذمے دار، بازپرس کے قابل اور قانوناً ایسا شخص جس سے حساب کتاب لیا جا سکے یا جواب طلبی کی جا سکے۔ قیامِ پاکستان سے لے کر آج تک ہم پر مسلط اشرافیہ، جاگیرداروں، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے ابتدا ہی سے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کو نظرانداز کیا ہے۔
یہ طبقہ محض اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی خاطر اقتدار پر قابض رہا ہے۔ اقتدار کی ہوس اور اختیارات کے نشے نے حکمرانوں کو اس قدر اندھا کر دیا ہے کہ انھیں اپنے سوا کوئی دکھائی نہیں دیتا۔ قدرتی معدنیات اور زرعی وسائل سے مالا مال ملک ہونے کے باوجود ایک عام آدمی کی زندگی میں حقیقی تبدیلی نہ آنا ایک تلخ سوال ہے، جس کے جواب دہ یہی اشرافیہ اور حکمران طبقہ ہیں۔
کوئی بھی حکومت ہو، کوئی بھی عوام کی زندگی میں حقیقی تبدیلی لانے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔ عوام کی امیدوں کا محور ہمیشہ حکمران طبقہ رہا ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ حکمران طبقہ اپنی عیاشیوں میں اس قدر غرق ہے کہ اسے عوام کے مسائل اور ان کی مشکلات سے کوئی دلچسپی نہیں رہی۔
آج کا پاکستان اور اس میں بسنے والے کروڑوں افراد بے حد مجبور اور بے سہارا دکھائی دیتے ہیں۔ غریب تو غریب، سفید پوش طبقہ بھی دو وقت کی روٹی بمشکل حاصل کر پا رہا ہے۔ عوام اپنے اوپر مسلط حکمرانوں سے یہ سوال کرنے میں حق بجانب ہیں کہ آخر انھیں کس جرم کی سزا دی جا رہی ہے؟
عوام کی زندگی اس نہج پر پہنچ چکی ہے کہ وہ در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ حکمرانوں نے ظلم و ناانصافی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ آج ہم اپنے ہی ملک میں اپنی بے بسی کا رونا رو رہے ہیں اور ہمارے آنسو پونچھنے والا کوئی دکھائی نہیں دیتا۔ عوام کی اس حالت ِ زار پر حبیب جالب نے کیا خوب کہا ہے۔
تم ظلم کہاں تک تہ افلاک کرو گے
یہ بات نہ بھولو کہ ہمارا بھی خدا ہے
خدارا! عوام پر اتنے مظالم نہ ڈھائیں کہ وہ تنگ آ کر انتہائی اقدامات اٹھانے پر مجبور ہو جائیں، جن کے نتیجے میں ملک میں افراتفری اور انتشار جنم لے۔ پاکستان اس وقت انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔
اسے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ ایسے حالات میں حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں اور عوام کو ان کے بنیادی معاشی اور آئینی حقوق فراہم کرنے چاہییں۔ عوام کو باعزت زندگی گزارنے کے لیے بنیادی ضروریات مہیا کرنا وقت کی حکومت کی اولین ذمے داری ہے، لیکن بدقسمتی سے موجودہ نظام بھی عوام کو ریلیف دینے اور ان کے مسائل حل کرنے میں بری طرح ناکام دکھائی دیتا ہے۔
لہٰذا ضرورت اس امر کی ہے کہ عوام باہمی اتفاق و اتحاد کے ساتھ مشترکہ اور پُرامن جدوجہد کا آغاز کریں اور اپنے جائز حقوق کے حصول کے لیے آواز بلند کریں۔ اس کے بغیر عوام کو ان کے حقوق کوئی نہیں دے گا۔ آج عوام حکمران اشرافیہ کی جانب دیکھ رہے ہیں کہ وہ اس صورتِ حال کا نوٹس لیں اور ایسے عملی اقدامات کریں جن سے عام آدمی کی زندگی میں ترقی اور خوشحالی کی راہ ہموار ہو سکے۔
عالمی سطح پر بھی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں، لہٰذا ہمیں بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں اپنی پالیسیاں مرتب کرنے کی ضرورت ہے۔ حکومت کی اولین ترجیح عوام کی زندگی میں حقیقی اور مثبت تبدیلی لانا ہونی چاہیے تاکہ حکمرانوں کے خلاف عوام کی شکایات اور شکوے دور ہو سکیں۔
معیشت کسی بھی ریاست کی ریڑھ کی ہڈی ہوتی ہے، مگر بدقسمتی سے ہماری معیشت بری طرح متاثر ہے۔ یہ بھی ایک تلخ حقیقت ہے کہ پاکستان کے پاس فی الحال کوئی ایسا مؤثر اور قابلِ عمل معاشی لائحہ عمل دکھائی نہیں دیتا جس کے ذریعے موجودہ مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔ یہی وجہ ہے کہ حالات مزید پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔
حکومت کو چاہیے کہ وہ نمائشی منصوبوں اور تشہیری پروگراموں سے باہر نکل کر عوام کو ان کے معاشی حقوق اور بنیادی سہولتیں فراہم کرے۔ غریب دن بدن غریب تر اور امیر مزید امیر ہوتا جا رہا ہے۔ معاشرے میں اس قدر بڑھتا ہوا معاشی تفاوت اور طبقاتی بگاڑ کسی بھی اعتبار سے مناسب نہیں۔
خدارا! عوام پر رحم کریں۔ انھی کی بدولت آپ اقتدار میں آتے ہیں، اگر عوام نے اپنے حق کے لیے شعوری طور پر آواز بلند کر دی تو یقین جانیے، آپ کی دوبارہ اقتدار میں واپسی انتہائی مشکل ہو جائے گی اور آپ کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا۔ یہ حقیقت ہمیشہ پیش نظر رہنی چاہیے کہ ریاست ہے تو سیاست ہے، ریاست نہیں تو کچھ بھی نہیں۔
عوام نے ملک کی تمام بڑی سیاسی جماعتوں کو آزما کر دیکھ لیا ہے، لیکن بدقسمتی سے کوئی بھی عوام کی توقعات اور اعتماد پر پوری نہیں اتری۔ پاکستان کی تاریخ اس امر کی گواہ ہے کہ ہمارے سیاست دان اب تک وہ صلاحیتیں اور بصیرت بروئے کار لانے میں ناکام رہے ہیں جو کسی بھی ریاست کو کامیابی سے چلانے کے لیے ضروری ہوتی ہیں، لہٰذا سیاست دانوں کو اپنا قبلہ درست کرنا ہوگا، اگر انھوں نے اپنی روش نہ بدلی تو مستقبل میں ایوانِ اقتدار تک دوبارہ پہنچنا ان کے لیے انتہائی دشوار ہو جائے گا۔
اہل دانش کی بھی یہ ذمے داری ہے کہ وہ عوام میں شعور و آگہی کی تحریک بیدار کریں، جس کا منطقی نتیجہ معاشی خودمختاری کی جدوجہد کی صورت میں نکلے۔ ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں پاکستان کی فی کس آمدنی محدود ہے، جب کہ دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
بنیادی اشیائے ضروریہ بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوتی جا رہی ہیں۔ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ آج پاکستان میں صرف عام آدمی سستا ہے، باقی ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔
حکمران طبقہ نہ صرف عوام الناس کو جواب دہ ہے بلکہ اسے اللہ تعالیٰ کے حضور بھی اپنے اعمال کا حساب دینا ہے۔ اقتدار کوئی دائمی منصب نہیں بلکہ ایک امانت اور بھاری ذمے داری ہے، جس کا تقاضا ہے کہ حکمران عوام کی فلاح و بہبود کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ پاکستان کو باصلاحیت، دیانت دار اور محب وطن قیادت عطا فرمائے، جو عوام اور وطن عزیز دونوں کے ساتھ مخلص ہو۔ (آمین)